محکمہ صحت پنجاب کے میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو ناکافی قراردیدیا

سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق دستاویزات محض ایک ڈاکٹر کی تحریر ہے اور ان خطوط کے ساتھ کسی بین الاقوامی ادارے کی میڈیکل رپورٹ نہیں لگی .میڈیکل بورڈ کا جواب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 18 جنوری 2022 17:02

محکمہ صحت پنجاب کے میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو ناکافی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 جنوری ۔2022 ) محکمہ صحت پنجاب کے مقررکردہ میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے دستاویزات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے میڈیکل بورڈ نے محکمہ صحت پنجاب کو جواب جمع کرا دیا ہے. نجی ٹی وی اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی رپورٹس کا جائزہ مکمل کر لیا ہے اور بورڈ نے نوازشریف کی صحت کے حوالے سے مہیا کیے گئے دستاویزات کو ناکافی قرار دے دیا ہے.

(جاری ہے)

میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی صحت سے متعلق دستاویزات محض ایک ڈاکٹر کی تحریر ہے اور ان خطوط کے ساتھ کسی بین الاقوامی ادارے کی میڈیکل رپورٹ نہیں لگی ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق میڈیکل رپورٹس کے بغیر نواز شریف کی موجودہ صحت پر رائے نہیں دے سکتے نواز شریف کی کارڈیک، تھرابوسائٹوپینیا سمیت دیگر امراض کی رپورٹ نہیں بھیجی گئی.

یاد رہے کہ حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں حکومت پنجاب نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے جائزے کیلئے اسپیشل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ اسپیشل میڈیکل بورڈ سینئر 9 پروفیسرز پر مشتمل ہے اور یہ بورڈ 5 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا.