پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ‘5ہزار نئے کیس سامنے آگئے‘10ہلاکتیں

ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 39 ہزار 881 ہوچکی ہے جن میں 827 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے.نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 18 جنوری 2022 17:05

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ‘5ہزار نئے کیس سامنے آگئے‘10ہلاکتیں
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 جنوری ۔2022 ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں یومیہ کورونا کیسز کی تعداد چار ماہ بعد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی 8 اگست 2021 کو پاکستان میں 5 ہزار 661 کیسز رپورٹ ہوئے تھے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 53 ہزار 253 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں 5 ہزار 34 کیسز سامنے آئے اور مثبت کیسز کی شرح 9.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے.

ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 10 افراد وبا کے سبب جان کے بازی ہار گئے اور اموات کی کل تعداد 29 ہزار 29 ہوگئی نئے کیسز کے اضافے کے بعد ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 39 ہزار 881 ہوچکی ہے جبکہ 827 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے.

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مزید ایک ہزار 125 افراد بیماری سے صحت یاب ہونے میں کامیاب رہے اور مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ 64 ہزار 611 ہوگئی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ سندھ میں 3 ہزار 430 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 6 اموات ہوئی ہیں‘پنجاب میں 980 کیسز اور ایک موت رپورٹ ہوئی ہے اسی طرح خیبرپختونخوا 108 کیسز اور 3 اموات‘بلوچستان میں 24 کیسز‘اسلام آباد میں 479 کیسز‘گلگت بلتستان میں ایک کیس اور آزاد جموں و کشمیر 12 نئے کیس سامنے آئے ہیں.

کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اور یہ 38.79 فیصد تک جاپہنچی ہے ملک کے صنعتی و تجارتی حب کراچی میں صرف عام شہری بلکہ طبی ورکرز بھی شدید متاثر ہیں، بتایا جارہا ہے کہ حالیہ لہر کے دوران 500 سے زائد ڈاکٹر اور پیرامیڈیکس بیماری کا نشانہ بنے. دو روز قبل ایک سینیئر ڈاکٹر پروفیسر صلاح الدین شیخ کووڈ کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ سینکڑوں ہیلتھ کیئر پروفیشنلز اس وقت وبا کا شکار ہیں.

گزشتہ روز این سی او سی نے کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کو موخر کردیا تھا این سی او سی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق فیصلہ کیسز کی مثبت شرح کو دیکھ کر کیا جائے گا سندھ میں کورونا وائرس کے ویرینٹ ”اومیکرون“ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے ایس او پیز پر عمل درآمد میں سختی برتنے کے ساتھ تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے. تین روز قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں صوبے میں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھتے ہوئے سکول کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا.