لاہور میں امتحان دینے کیلئے آنے والی لڑکی اغوا ، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

مغویہ لڑکی سیکنڈ ایئر کےامتحانات دینےگئی تھی لیکن گھر واپس نہیں پہنچی اور تاحال فون بھی بند ہے، مغوی لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 18 جنوری 2022 19:20

لاہور میں امتحان دینے کیلئے آنے والی لڑکی اغوا ، سی سی ٹی وی فوٹیج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 18 جنوری 2022) لاہور میں امتحان دینے کیلئے آنے والی لڑکی مبینہ طور پر اغوا ، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں امتحان دینے کے لیے آنے والی لڑکی مبینہ طور پر اغوا ہو گئی جس کی تلاش کا عمل جاری ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق پولیس نے لڑکی کے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا ہے لیکن چار روز گزرنے کے باوجود تاحال اسے بازیاب نہیں کروایا جا سکا۔

پولیس نے تھانہ ملت پارک میں بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے جس کے مطابق مغویہ لڑکی سیکنڈ ایئر کےامتحانات دینےگئی تھی لیکن گھر واپس نہیں پہنچی اور تاحال فون بھی بند ہے۔ اس حوالے سے کالج کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی موٹرسائیکل پر اپنے بھائی کے ساتھ کالج آئی اور اندر داخل ہوئی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ لڑکی نے کالج میں داخل ہوتے ہوئے تلاشی دینے سے بھی انکار کیا جب کہ کمرہ امتحان میں اس کی حاضری بھی موجود ہے۔22سالہ لڑکی شادی شدہ ہے اور اس کی ایک بیٹی ہے۔ خاوند دبئی میں مقیم ہے اور اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی یا لڑائی جھگڑا بھی نہیں تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے شیخ زید ہسپتال سے مبینہ طو رپر 17سالہ لڑکی کو اغوا ء کر لیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے مغویہ کی تلاش شروع کر دی ۔

بتایا گیا ہے کہ لڑکی کو شیخ زید ہسپتال سے اغوا ء کیا گیا جس کے بعد پولیس نے مغویہ کے والد کی مدعیت میں اغوا ء کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔والد کا کہنا ہے کہ بیٹی ڈاکٹر کو چیک اپ کرانے کمرے میں گئی اور میں باہر بیٹھا رہا، جب لڑکی واپس نہ آئی تو تلاش کیا لیکن کوئی سراغ نہ مل سکا۔مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے مغویہ کی تلاش شروع کر دی ہے۔