محب مرزا کے والد کی وفات پر شوبز شخصیات کا اظہار افسوس

بدھ 19 جنوری 2022 12:47

محب مرزا کے والد کی وفات پر شوبز شخصیات کا اظہار افسوس
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) معروف اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار محب مرزا سے والد کی وفات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعائیں کی ہیں۔محبت مرزا نے 18 جنوری کو طویل انسٹاگرام پوسٹ میں والد اور والدہ کی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے اپنا سب سے قریبی، محسن اور ہمدرد انسان کھو دیا۔

اداکار نے پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ عام طور پر ذاتی زندگی کی معلومات سوشل میڈیا پر یا مداحوں سے شیئر نہیں کرتے مگر چوں کہ ان کے والد ان کے لیے راہ مشعل تھے اور وہ جو کچھ بھی ہیں، اپنے والد کی وجہ سے ہی ہیں، اس لیے وہ ان کی بعض باتیں دنیا کو بتانا چاہ رہے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ ان کے والد اگرچہ قانون دان اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں ملازمت کرتے رہے مگر وہ اندر سے ایک آرٹسٹ تھے، انہیں نہ صرف شاعری سے لگائو تھا بلکہ وہ لائیو کنسرٹس کی طرح گنگنا کر لوگوں کو محظوظ کرنا بھی جانتے تھے۔

(جاری ہے)

محب مرزا نے جذباتی پیغام لکھتے ہوئے لکھا کہ وہ دنیا میں جتنے بھی انسانوں کو جانتے ہیں، ان میں سب سے زیادہ مہربان، محسن، پیار کرنے والے اور بہترین انسان ان کے والد ہی تھے۔انہوں نے والد کو حقیقی سپر اسٹار اور حقیقی آرٹسٹ قرار دیا اور لکھا کہ والد نے ان پر اپنی مرضی تھونپے بغیر انہیں آزاد زندگی گزارنے دی۔انہوں نے پوسٹ میں والدہ نگہت محسن کی بھی تعریفیں کیں اور لکھا کہ انہوں نے ان کے والد محسن مرزا کا ساری عمر ساتھ دیا، دکھ اور سکھ میں ان کے ساتھ شریک رہیں مگر کبھی ان سے کوئی شکایت تک نہ کی۔

محب مرزا نے پوسٹ میں والد کی تدفین کو مشکل ترین لمحہ قرار دیا اور ساتھ ہی بتایا کہ ان کے والد نے آخری سانسیں پرسکون طور پر اپنی اہلیہ اور بیٹی کی بانہوں میں لیں۔اداکار نے بتایا کہ ان کے والد محسن مرزا گزشتہ ہفتے 13 جنوری کو دنیائے فانی سے رخصت ہوئے، تاہم انہوں نے والد کے انتقال کی وجوہات بیان نہیں کیں۔محب مرزا کے والد کی وفات کی پوسٹ پر متعدد شوبز شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے اداکار کے ساتھ گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے والد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔