پی آئی اے کا طیارہ برفباری کی زد میں آگیا

طیارہ ٹورنٹو ایئرپورٹ کے قریب تھا کہ برفباری شروع ہوگئی، کپتان نے حاضر دماغی اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت ٹورنٹو ائیر پورٹ پر اتار لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 19 جنوری 2022 14:53

پی آئی اے کا طیارہ برفباری کی زد میں آگیا
کینیڈا ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 19 جنوری 2022ء ) پاکستان ائیر لائن کا طیارہ برفباری کی زد میں آگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کپتان نے مہارت سے جہاز کو ٹورنٹو ایئرپورٹ پر اتار لیا۔بوئنگ 777 ٹورنٹو ایئرپورٹ کے قریب تھا کہ برفباری شروع ہوگئی اور طیارہ برفباری کی زد میں آ گیا تھا۔پی آئی اے کے کپتان نے حاضر دماغی کا اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو کنٹرول کیا اور بحفاظت ٹورنٹو ائیر پورٹ پر اتار لیا۔

طیارے کی لینڈںگ ہوتے ہی ٹورنٹو ائیرپورٹ اتھارٹی کے عملے نے رن وے اور اطراف کے ایریا کو کور کیا اور ہنگامی بنیاد پر مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کا کام شروع کیا۔ لینڈنگ کے بعد عملے نے رن وے کو ہنگامی بنیاد پر مشینری سے کلیئر کیا۔مزید برآں بتایا گیا ہے کہ پرواز لاہور سے ٹورنٹو پہنچی تھی، پی آئی اے کی سی ای او ارشد ملک نے کپتان اور فضائی عملے کو شاباشی دیتے ہوئے کارکردگی کو سراہا۔

(جاری ہے)

سی ای او ارشد ملک نے ٹورنٹو انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے رن وے پر سے فوری طور پر طرف ہٹا کر طیارے کو پارک کروایا۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شدید دھند کا راج ہے جس کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حد نگاہ 500 میٹر رہ گئی جس کے باعث رن وے کو پروازوں کی لینڈنگ کےلیے بند کردیا گیا ہے ، رن وے بند ہونے کی وجہ سے ایئر ٹریفک کنٹرول حکام کی جانب سے 2 پروازوں کو اسلام آباد میں لینڈ کرنے کی ہدایت کردی گئی ، ان میں سے ایک نجف سے آنے والی پرواز آئی ایف 341 ہے جس کو اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا جب کہ دوسری پرواز شارجہ سے آنے والی پی اے 413 ہے جو لاہور پہنچی تو اسے اسلام آباد میں لینڈ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

علاوہ ازیں رحیم یار خان، میاں چنوں، پاکپتن، گوجرہ، جھنگ اور گردونواح میں حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی ، موٹروے ایم ون پشاور سے صوابی تک دھند کے باعث بند موٹروے ایم ون رشکئی انٹرچینج سے پشاور ٹال پلازہ تک بند ہے ، اسی طرح موٹروے ایم ٹو ٹھوکرنیاز بیگ سے کوٹ مومن تک دھند کے باعث بند ہے۔ موٹروے ایم تھری فیض پور انٹر چینج سے درخانہ انٹر چینج تک، موٹر وے ایم فور شام کوٹ سے عبدالحکیم تک، موٹروے ایم فور شیر شاہ سے شام کوٹ تک، موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک، موٹروے ایم 5 اقبال آباد انٹر چینج سے روہڑی ٹال پلازہ تک بند ہے۔