موبائل کمپنیوں نے کالز اور انٹرنیٹ کے پیکجز مہنگے کر دیئے

ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بڑھنے پر 4 بڑی موبائل کمپنیوں نے ہفتہ وار انٹرنیٹ پیکجز 25 روپے تک مہنگے کردیے‘ ماہانہ سپر لوڈ پیکجز میں 50 سے 100 روپے تک اضافہ‘ ہفتہ وار آل ان ون پیکجز بھی 30 روپے تک مہنگے ہوگئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 19 جنوری 2022 15:31

موبائل کمپنیوں نے کالز اور انٹرنیٹ کے پیکجز مہنگے کر دیئے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 19 جنوری 2022ء ) پاکستان میں سروس مہیا کی جانے والی ٹیلی کمیونی کیشن سروسز پر 15 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے کے بعد موبائل کمپنیوں نے بھی اپنے کالز اور انٹرنیٹ کے پیکجز مہنگے کر دیئے۔ سماء نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں اضافے کے بعد 4 بڑی موبائل کمپنیوں کی جانب سے کال اور انٹرنیٹ پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے ہفتہ وار انٹرنیٹ پیکجز 25 روپے تک مہنگے کیے گئے ہیں ، اسی طرح ماہانہ سپر لوڈ کے پیکجز میں بھی 50 سے 100 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جب کہ ہفتہ وار آل ان ون پیکجز بھی 30 روپے تک مہنگے کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے ٹیلی کام کمپنیوں نے موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ 22-2021 میں ود ہولڈنگ ٹیکس 8 فیصد تک لانے کا وعدہ کیا تھا لیکن شرح میں 2 فیصد اضافہ کرکے 12 فیصد تک کر دیا ، منی بجٹ میں ٹیکس کے بعد ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں بچا اور ہم نے حکومتی ٹیکس کو صارفین پر منتقل کیا ، خود سے کوئی ٹيکس عائد نہيں کيا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ منی بجٹ ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 10 سے 15 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی جو قومی اسمبلی نے منظور کرلی جس کے بعد موبائل کمپنیوں نے صارفین سے ری چارج پر اضافی ٹیکس وصولی شروع کر دی ہے ، موبائل کمپنیاں 100 روپے کے ری چارج پر 4 روپے اضافی کٹوتی کر رہی ہیں ، 100 روپے والے پریپیڈ کارڈ پر اب صارفین کو 27 روپے 20 پیسے دینے ہوں گے جس کے بعد صارفین کو 72 روپے 80 پیسے کا بیلنس کالز اور انٹرنیٹ کیلئے ملیں گے جو کہ پہلے 76 روپے 10 پیسے ملتے تھے ، کیوں کہ اس وقت کمپنیاں ایڈوانس ٹیکس کی مد میں 13 روپے لے رہی ہیں ، اس سے پہلے صارفین سے ایڈوانس ٹیکس کی مد میں 9 روپے 10 پیسے وصول کیے جاتے تھے۔