سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کے بلدیاتی الیکشن میں سرکاری وسائل ،انتظامی مشینری کا کھلے عام استعمال پری پول رگنگ کے مترادف ہے،مولانا فضل الرحمن

حکمران جماعت کا امیدوار لوگوں کے ضمیر خریدنے اور سرکاری افسران کے وقار کو بیچنے میں مصروف ہے، الیکشن کمیشن نے اس لاقانونیت کا نوٹس نہ لیا توجمعیت اس معاملہ کو عوام میں لے جائیگی،سربراہ پی ڈی ایم

بدھ 19 جنوری 2022 19:05

سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کے بلدیاتی الیکشن میں سرکاری وسائل ،انتظامی مشینری ..
ڈیر ہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے ڈیرہ اسماعیل خان میں13فروری 2022 کو ہونیوالے سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کے ہونیوالے بلدیاتی الیکشن میں سرکاری وسائل اور انتظامی مشینری کا کھلے عام استعمال پری پول رگنگ کے مترادف ہے،چیف الیکشن کمشنراس مبینہ دھاندلی کا نوٹس لے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا ڈیرہ اسماعیل خان میں میئر کے انتخابات کے دوران وفاقی اور صوبائی وزرا کی ایما پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نی1ارب 88کروڑ کی سکیموں کی منظوری دیکر پوری انتخابی عمل کو متنازعہ بنا دیا ہے ۔ حکمران جماعت کا امیدوار لامحدود سرکاری وسائل استعمال کر کے لوگوں کے ضمیر خریدنے اور سرکاری افسران کے وقار کو بیچنے میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

یہاں ٹی ایم اے کے علاوہ تمام انتظامی محکموں کے افسران و اہلکار پارٹی ورکرز کی طرح حکمران جماعت کے امیدوار کی انتخابی مہم چلا کے اپنے منصب کی توہین اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی پامالی میں مصروف ہیں۔ڈیرہ انتظامیہ کے اعلیٰ افسران جس بے حجابی کے ساتھ انتخابی عمل کو متنازعہ بنانے پہ تل گئے ہیں،اس سے عوام میں اشتعال بڑھ رہا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اگر بروقت اس لاقانونیت کا نوٹس نہ لیا توجمعیت اس معاملہ کو عوام میں لے جائے گی۔