افغان صوبہ کنڑ میں نامعلوم مسلح شخص کی موٹرکار پر اندھادھند فائرنگ 6افغان شہری جاں بحق ،3 دیگر زخمی

بدھ 19 جنوری 2022 19:06

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) پاک افغان سرحد پر واقع افغان مشرقی صوبہ کنڑ میں نامعلوم مسلح شخص نے ایک موٹرکار پر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں(6 )افغان شہری جاں بحق اور( 3) دیگر زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میںامارت اسلامیہ افغانستان کا مقامی کمانڈر اوراٴْس کا بیٹا شامل بتائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سرحدپار سے موصولہ ابتدائی اطلاعات اور مقامی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز پاک افغان سرحد پر واقع افغان مشرقی صوبہ کنڑ کے ضلع نارنگ میں مسلح شخص نے ایک سوزوکی موٹر کار پر اندھادھند فائرنگ کرکے گولیوں کی بوچھاڑکردی جس کی زدمیں آکر(6) افغان شہری ہلاک اور (3) دیگرزخمی ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں مقامی طالبان کمانڈر اور اس کا بیٹا بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں4 افغان شہری ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہوگئے تاہم مقامی میڈیا نے افغان انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے فائرنگ کے واقعہ کو ذاتی دشمنی کا نتیجہ قراردیتے ہوئے مقامی طالبان کمانڈرسمیت (6) افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔افغان حکام نے فائرنگ کرنے والے حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔