لاہور: پنجاب یونیورسٹی ملازمین کا اسلامی جمعیت طلباء کے کارکنوں کے خلاف احتجاج

بدھ 19 جنوری 2022 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2022ء) پنجاب یونیورسٹی کے ملازمین گزشتہ روز سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے یونیورسٹی ملازمین پر تشدد میں ملوث اسلامی جمعیت طلباء کے کارکنوں کی عدم گرفتاری کے خلاف وی سی آفس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے تحریر تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ یونیورسٹی ملازمین پر تشدد میں ملوث جمعیت کے کارکنوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ مظاہرین کے مطابق دو روز قبل پنجاب یونیورسٹی اسلامی جمعیت طلباء کے کارکنان یونیورسٹی کے ہوسٹل نمبر 14 پر آئے جہاں انہوں نے ہوسٹل ملازم اور سکیورٹی گارڈ پر تشدد کیا جبکہ ملازم کو ہوسٹل نمبر 14 کے کمرہ نمبر 54 میں لے گئے جہاں ملازم کو مزید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج ہوچکا ہے تاہم پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے سے گریزاں ہیں۔