کورونا کیسز بڑھے تو ہنگامی صورتحال ہوسکتی ہے‘ حکومت نے خبردار کردیا

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث مقامی انتظامیہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ خود کرسکتی ہے۔ معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 20 جنوری 2022 11:06

کورونا کیسز بڑھے تو ہنگامی صورتحال ہوسکتی ہے‘ حکومت نے خبردار کردیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 جنوری 2022ء ) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا تو ہنگامی صورت حال ہوسکتی ہے ، کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ مقامی انتظامیہ خود کر سکتی ہے ، پاکستان سپرلیگ کا انعقاد کورونا احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہی ممکن ہوگا ۔

تفصیلات کے مطابق مختلف ٹی وی ٹاک شوز میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اومی کرون ہر جگہ بہت تیزی سے پھیل رہا ہے مگر یہ دوسرے وائرس کی نسبت کم نقصان دہ ہے ، ملک میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کا فیصلہ وقت پر کیا ہے ، کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح یومیہ 6 ہزار سے بڑھ گئی ہے ، 10 فیصد شرح سے زیادہ شہروں میں پابندیاں لگانے کی ضرورت ہے ، اسلام آباد، لاہور اور دیگر شہروں میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث آئندہ دنوں میں دباؤ آ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ جن افراد نے ویکسین لگوائی ہے ان میں وائرس کی شدت کم ہے، تاہم ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ اگر ویکسی نیشن میں پیچھے رہے تو کورونا کی مزید لہر بھی آ سکتی ہیں ، امریکہ میں 90 فیصد آبادی ویکسین شدہ ہے لیکن پھر بھی وہاں کے ہسپتالوں پر کورونا کے مریضوں کا دباؤ آیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا آؤٹ آف کنٹرول ہونے لگا ہے ‘ ایک دن میں 6 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوگئے اور 9 ماہ بعد یومیہ مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد سے اوپر چلی گئی ہے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں عالمی وباء سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد انتقال کرگئے ، اس دوران ملک بھر میں کورونا کے 58 ہزار 943 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 6 ہزار 808 نئے مریض رپورٹ ہوئے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 55 فیصد رہی جب کہ اس سے پہلے پاکستان میں 11 فیصد سے زائد کورونا کیسز 20 اپریل 2021ء کو 11اعشاریہ 68 فیصد ریکارڈ کیے گئے تھے۔