سعودی عرب،انفیکشن میں مسلسل اضافہ؛کووِڈکے یومیہ کیس چھ ہزارہوگئے

حکام نے مکہ مکرمہ میں مسجد حرام اور دیگرعوامی مقامات پرسماجی فاصلے کی پابندی دوبارہ نافذ کردی

جمعرات 20 جنوری 2022 12:41

سعودی عرب،انفیکشن میں مسلسل اضافہ؛کووِڈکے یومیہ کیس چھ ہزارہوگئے
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) سعودی عرب کی وزارت صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں کروناوائرس کے 5928 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے اور اس مہلک وائرس کا شکار دوافراد وفات پا گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس سے کووِڈ19کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد 8912 ہو گئی ہے۔ تشویش ناک کیسوں کی تعداد بڑھ کر492 ہو گئی ۔مملکت میں کرونا وائرس کے کیسوں کی کل تعداد 632,736 تک پہنچ گئی ہے۔

دریں اثنا گذشتہ 24 گھنٹے میں کووڈ19کاشکار4981 افراد صحت یاب ہوئے ۔اس طرح اب تک صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 578,812 ہوگئی ۔سعودی عرب میں کرونا وائرس کی انتہائی متعدی شکل اومیکرون کے پھیلنے کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔دسمبرکے اوائل میں محکمہ صحت نے اومیکرون کے پہلے کیس کی اطلاع دی تھی۔

(جاری ہے)

اس کے بارے میں خیال کیاجاتا ہے کہ یہ شخص شمالی افریقا کے ایک نامعلوم ملک سے آیاتھا۔

سعودی عرب میں کروناوائرس سے بچا کے لیے ویکسین لگانے کی مہم بھی بھرپورانداز میں جاری ہے اوراب تک مملکت میں شہریوں اور مکینوں کو ویکسین کی 54,364,534 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔حکام نے مکہ مکرمہ میں مسجد حرام اور دیگرعوامی مقامات پرسماجی فاصلے کی پابندی دوبارہ نافذ کردی ۔اس کے علاوہ عوامی مقامات، گھر کے اندر اور باہر بھی ماسک پہننا لازم قرار دے دیا گیا۔