بیان حلفی کیس؛ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم پر فرد جرم عائد کردی گئی

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے رانا شمیم کو فرد جرم پڑھ کر سنائی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 20 جنوری 2022 12:04

بیان حلفی کیس؛ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم پر فرد جرم عائد کردی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جنوری 2022ء ) بیان حلفی کی خبر پر توہین عدالت کیس میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم پر فرد جرم عائد کردی گئی ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافیوں کے خلاف فرد جرم کی کارروائی موخر کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں رانا شمیم کے بیان حلفی کی خبر پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے رانا شمیم کے بیان حلفی کو فرد جرم کا حصہ بنایا ، دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا رانا شمیم سے مکالمہ ہوا ، جس میں انہوں نے کہا کہ میں آپ پر فرد جرم عائد کر رہا ہوں آپ سنیں ، اس کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے رانا شمیم کو فرد جرم پڑھ کر سنائی ، جس میں کہا گیا کہ آپ نے انگلینڈ میں بیان حلفی ریکارڈ کرایا ، آپ نے کہا چیف جسٹس ثاقب نثار چھٹیوں پر گلگت بلتستان آئے ، آپ کے مطابق انہوں نے ہدایات دیں کہ نواز شریف اور مریم نواز الیکشن سے پہلے باہر نہیں آنے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

اس دوران رانا شمیم نے صحت جرم سے انکار کردیا ، انہوں نے کہا کہ آپ مجھے سنیں تو صحیح ایک ایک کرکے الزامات کا جواب دینا چاہتا ہوں۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم ایک تاریخ دے دیتے ہیں آپ جواب جمع کرادیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کر دی۔ قبل ازیں عدالتی سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اخبار کے ایک آرٹیکل کا تعلق ثاقب نثار سے نہیں بلکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ساتھ ہے ، لوگوں کو بتایا گیا کہ اس کورٹ کے ججز کمپرومائزڈ ہیں ، ایک کیس 2 دن بعد سماعت کے لیے فکس تھا جب خبر شائع کی گئی ، کھل کر بات کرتا ہوں ہمارے پاس چھپانے کو کچھ بھی نہیں ہے ، ہمارا ثاقب نثار سے یا کسی سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے ، کیا کریں ہم خاموشی سے بیٹھ کر لوگوں کا اعتماد ختم ہونے دیں ، اگر کوئی غلطی تھی تو ہمیں بتا دیں ہم بھی اس پر ایکشن لیں گے ، کل کو کوئی بھی تھرڈ پارٹی ایک کاغذ دے گی اور اس کو ہم چھاپ دیں گے تو کیا ہو گا؟ اتنا بڑا اخبار کہے کہ انہوں نے اس حوالے سے کوئی قانونی رائے نہیں لی تو پھر یہ زیادتی ہو گی۔