ایکسپو سینٹر میں فائزر ویکسین کی عدم دستیابی، بد ترین انتظامی بحران جاری

ملازمین کی کمی سے شہری قطاروں میں گھنٹوں انتظارکرتے ہیں،فائزرویکسین نہ ہونے پرشہری بغیرویکسین لگوائے لوٹ جاتے ہیں ،ذرائع

جمعرات 20 جنوری 2022 13:15

ایکسپو سینٹر میں فائزر ویکسین کی عدم دستیابی، بد ترین انتظامی بحران ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) صوبے کے سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹرایکسپو شدید انتظامی بحران کا شکار ہوگیا جبکہ ویکسینیشن سینٹر کے ملازمین نو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم کورونا ویکسی نیشن سینٹر کے انتظامی معاملات شدید متاثر ہیں، حکومت سندھ کورونا ویکسی نیشن کے معاملے پر سنگین غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے، ویکسی نیشن سینٹر میں کنٹریکٹ پر بھرتی کیے جانے والے 200 ویکسی نیٹرز اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز 9 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ہڑتال پر ہیں۔

ایکسپو ویکسی نیشن سینٹر کے ہڑتالی ملازمین کی تنخواہیں تاحال جاری نہیں کی جاسکی ہیں جبکہ متعدد ملازمین نوکری ختم ہونے کے خوف سے بغیر تنخواہ کے ہی کام کرنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

ملازمین نے بتایاکہ ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے ڈی ایچ او ایسٹ کے مطابق تنخواہیں 2 ہفتے میں مل جائیں گی، اگر نوکری پر نہیں آئے گا تو نوکری سے برطرف کردیا جائے گا، ویکسی نیشن سینٹر میں ملازمین کی کمی کے باعث ویکسی نیشن کرانے کے لئے آنے والے شہری گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں جبکہ فائزر ویکسین کی عدم دستیابی کے سبب کئی شہری بغیر ویکسی نیشن کرائے گھر واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔

ایکسپو سینٹر آنے والے شہریوں نے بتایاکہ کوئی شہریوں کو آگاہی دینے کے لیے موجود نہیں ہے، کسی کے پاس مکمل معلومات نہیں ، عملے کی تعداد انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہیں اور گھنٹوں انتظار کرنا پڑرہا ہے۔ بوسٹر ڈوز کے لیے فائزر ویکسین بھی دستیاب نہیں ہے دوسرے ویکسی نیشن سینٹر بھیجا رہا ہے، ڈیٹا انٹری بھی مینول کی جارہی ہے۔انچارج ایکسپو ویکسی نیشن سینٹر ڈاکٹر راج کمار نے اس حوالے سے بتایاکہ سینٹر میں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، ہڑتالی ملازمین کی تنخواہوں کا معاملہ جلد حل کردیا جائے گا۔