Live Updates

وزیراعظم نے لاہور میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس لے لیا

انارکلی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں،دھماکے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔وزیراعظم عمران خان کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 20 جنوری 2022 16:03

وزیراعظم نے لاہور میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس لے لیا
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جنوری 2022ء ) وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس لے لیا۔وزیراعظم نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔جب کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے بھی دھماکے کی مذمت کی۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ انار کلی بازار جسے پر ہجوم اور مصروف ترین علاقہ میں دھماکہ ایک نہایت افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے۔

ایک بچے سمیت تین افراد جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ اللّہ ان سب پر، انکے خاندانوں پر اور پاکستان پر رحم فرمائے۔خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے انارکلی میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق انار کلی میں پان منڈی کے قریب ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ایک شخص کی شناخت 31 سالہ رمضان کے نام سے ہوئی ہے اور دوسرا جاں بحق ہونے والا ایک 9 سالہ بچہ ہے ، جب کہ 23 افراد میں سے 4 زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

فرانزک ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا ، دھماکا خیز مواد دکانوں کے قریب موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا ، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی ، جس کے بعد دھماکے کی جگہ پر ڈیڑھ فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا،دھماکے میں ڈیڑھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ بارودی مواد لفافے میں چھپا کر موٹرسائیکلوں کے قریب رکھا گیا تھا۔

دھماکہ انارکلی بازار کے داخلی راستے پر نجی بینک کے قریب موجود دکانوں کے پاس ہوا ، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انار کلی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات