Live Updates

وزیراعظم ’میرا کپتان ‘ پکارنے پر برا نہیں مناتے

انٹرویو کے بعد وزیراعظم کوئی بات کیے بغیر مائیک اتار کر چلے گئے، 9.5 مرلے کے گھر میں رہتا ہوں جو اپنا نہیں،گاڑی کی بھی قسطیں ادا کرتا ہوں،کسی سیاسی پارٹی کا اینکر نہیں،ہر حکومت پر ایسے ہی تنقید کروں گا،سوشل میڈیا پر خاندان کو ٹارگٹ کیا جائے تو دکھ ہوتا ہے۔معروف اینکر منصور علی خان کا اردو پوائنٹ کو انٹرویو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 20 جنوری 2022 16:22

وزیراعظم  ’میرا کپتان ‘ پکارنے پر برا نہیں مناتے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جنوری 2022ء ) معروف اینکر منصور علی خان کو حکومت پر تنقید کرنے اور وزیراعظم کو ’میرا کپتان ‘ کہہ کر ان کی ناکام پالیسیوں پر بات کرنے کی وجہ سے تنقید کا سامنا رہتا ہے، سوشل میڈیا پر اکثر انہیں منفی تبصروں کا نشانہ بنایا جاتا ہے،منصور علی خان نے اپنے کرئیر کا آغاز کیسے کیا، کتنی جائیدادیں ہیں اور وزیراعظم کے ساتھ انٹرویو کیسا رہا۔

اسی متعلق انہوں نے اردو پوائنٹ کے اینکر فرخ شہباز وڑائچ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا ہے کہ میں ایک نوکری پیشہ شخص ہوں،پاکستان میں اینکر پرسن کا ایک منفرد امیج بنا ہوا ہے کہ وہ کوئی ہائی پروفائل کام کرتے ہیں تاہم ایسا کچھ نہیں ہے۔اپنی جائیداد سے متعلق بتایا کہ میں جس گھر میں رہتا ہوں وہ ساڑھے نو مرلے کا جو کہ میرا نہیں ہے،میرے پاس ایک گاڑی ہے جو قسطوں پر ہے،میں ابھی بھی اس کی قسطیں ادا کر رہا ہوں،میرے پاس ایک موٹرسائیکل ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ میرا ایک فلیٹ 35لاکھ کا ہے جس کی قسطیں اس سال سے ادا کرنا شروع کی ہیں۔میری نظر میں میری جائیداد اور سرمایہ میرے بچوں کی تعلیم ہے،کیونکہ یہ آپ کو اگلے پندرہ سال میں نتیجہ دیتی ہے۔کرئیرکے آغاز سے متعلق انہوں نے کہا کہ میں نے 15 سال قبل بطور سپورٹس اینکر کام  شروع کیا، پھر نیوز اینکر بنا اور بعدازاں پروگرام اینکر بن گیا۔

منصور علی خان نے کہا کہ میں کسی سیاسی جماعت کا اینکر نہیں، مجھ سے تو ساری جماعتیں ناراض رہتی ہیں،عمران خان کے اوپر تنقید کرنے کی وجہ سے لوگ سمجھتے ہیں کہ میرا جھکاؤ ن لیگ کی طرف ہے۔حکومت کو تین سال گررنے کے بعد کئی اینکرز اُن پر تنقید کر رہے ہیں،مجھے پہلے سال ہی نظر آ گیا تھا کہ یہ پراجیکٹ نہیں چلنا۔آئندہ جو بھی حکومت آئے ، میرے لہجے میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔

یہاں تک کہ ن لیگ کے رہنما نے مجھے کہا کہ عمران خان پر تنقید کم کیا کرو،میں حیران ہوا جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے عمران خان سے کوئی ہمدردی نہیں تاہم ڈر یہ ہے کہ ہماری حکومت آئی تو آپ ہم پر بھی اتنی ہی تنقید کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کے انٹرویو سے متعلق کیے گئے سوال پر اینکر نے بتایا کہ انٹرویو ختم ہونے پر وزیراعظم مائیک اتار کر چلے گئے،تاہم میں اُنہیں خراج تحسین پیش کروں گا کہ اپنے ناقد کو انٹرویو دیا۔

انٹرویو کے آغاز سے قبل ان سے پوچھا کہ ’میرا کپتان‘ کہہ کر پکارنا برا تو نہیں لگتا؟۔جس پر انہوں نے کہا کہ ہرگز نہیں۔یہ ان کا بڑا پن ہے کہ وہ میری باتوں کا برا نہیں مناتے۔منصور علی خان نے مزید بتایا کہ میرے 3 بیٹے ہیں، میری اہلیہ بہت سپورٹ کرتی ہیں،لوگ سوشل میڈیا پر خاندان کو ٹارگٹ کریں تو دکھ ہوتا ہے تاہم اس حوالے سے اہلیہ نے بہت ساتھ دیا اور کہا کہ وہ میرے کام کی نوعیت کو سمجھتی ہیں۔منصور علی خان نے مزید کیا کہا ویڈیومیں ملاحظہ کیجئے :
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات