ٹریفک پولیس کی ٹریفک قوانین بارے آگاہی کا سلسلہ جاری

سی ٹی او کی ایس پیز کو اپنے سیکٹرز میں آگاہی دینے کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت

جمعرات 20 جنوری 2022 23:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں شہریوں کو نوپارکنگ' سیٹ بیلٹ ' ہیلمٹ ' ون وے ' ڈرائیونگ لائسنس کی موجودگی یقینی بنانے سے متعلق آگاہی دی اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے باقاعدہ شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے اور انہیں ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ ان کا سفر محفوظ بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ شہری ون وے کی خلاف ورزی کرنے سے گریز کریں تاکہ شہر میں رش نہ بنے اور کسی قسم کا ٹریفک حادثہ رونما نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے جس کا استعمال دوران سفر انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ تیز رفتاری سے گریز کر کے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔

چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے سیکٹرز میں شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دیں تاکہ شہری ٹریفک قوانین سے آگاہ ہوں اور وہ محفوظ طریقے سے سفر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ مرتکب افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔