شام کے شمالی شہرعفرین میں گولہ باری سے چارافراد ہلاک

ترک فورسز نے کردوں کے زیرقبضہ علاقوں پرگولہ باری کی،شامی باغیوں کے زیرانتظام میڈیاکادعویٰ

جمعہ 21 جنوری 2022 11:10

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) شام کے شمالی شہرعفرین پرگولہ باری اور اس کے نواح میں واقع ایک قصبے راکٹ حملے میں چارافراد ہلاک اور دس سے زیادہ زخمی ہو گئے ۔فوری طور پر کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمے داری قبول کرنے کا دعوی نہیں کیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترکی ماضی میں عفرین میں اس طرح کے حملوں کا الزام شام کی کرد ملیشیا وائی پی جی پر عاید کرتا رہا ہے۔

اس جنگجوگروپ نے 2018 تک عفرین اور اس کے نواحی علاقے پر قبضہ کیے رکھا تھا۔اس کے بعد ترک فورسز نے سرحد پار فوجی کارروائی کرکے اس علاقے کو ان کے قبضے سے واگزار کرالیا تھا۔طبی عملہ اور امدادی کارکنوں نے بتایا کہ عفرین شہر پر گولہ باری سے تین افراد ہلاک اور ایک درجن سے زیادہ زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ عفرین کے نواح میں واقع قصبے مریمین میں ایک کارپرالگ سے راکٹ داغا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے ۔

ترکی کے اتحادی شامی باغیوں کے زیرانتظام ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک فورسز نے کردوں کے زیرقبضہ علاقوں پرگولہ باری کی ۔ترکی وائی پی جی کو اپنی سرحدوں کے اندر سرگرم کالعدم کردستان ورکرزپارٹی (پی کے کی)سے وابستہ دہشت گرد گروہ سمجھتا ہے اور اس نے شامی باغیوں کی حمایت میں کردملیشیا کوترکی کی سرحد سے پیچھے دھکیلنے کے لیے دراندازی کی تھی جبکہ وائی پی جی ترکی کو شام میں ایک قابض قوت کے طور پردیکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :