کراچی میں کل سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان

27 جنوری تک شہر سردی کی لہر کی لپیٹ میں رہ سکتا ہے، محکمہ موسمیات

جمعہ 21 جنوری 2022 12:59

کراچی میں کل سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان
اسلام آباد/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں کل ہفتہ سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، 27 جنوری تک شہر سردی کی لہر کی لپیٹ میں رہ سکتا ہے۔ ایک انٹرویومیں سردار سرفراز نے بتایا کہ آنے والی سردی کی لہر کے دوران رات میں درجہ حرارت8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے چل رہی ہیں، تیز ہوائیں 36 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ سمندری ہوائیں چلنے سے شہر کا مطلع جزوی ابرآلود رہے گا اور ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے سے صبح کے وقت میں اوس بھی پڑے گی۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں موسم سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے، ایک اور طاقتور سسٹم شمالی بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے، چمن شہر میں موسلا دھار بارش سے سردی بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں موسم سے متعلق الرٹ جاری کر دیا، ایک اور طاقتور سسٹم شمالی بلوچستان میں داخل ہوگیا ، چمن شہر میں موسلا دھار بارش سے سردی بڑھ گئی ہے۔وادی کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع ابرآلود اور موسم سرد رہا کو ئٹہ کے علاوہ مستونگ، قلات، پشین،قلعہ عبدا للّٰہ و قلعہ سیف اللّٰہ سمیت دیگر مختلف علاقوں میں بھی مطلع ابرآلودرہا۔

محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے جبکہ دیگر مختلف علاقوں میں بھی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔صبح ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق وادی کوئٹہ میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ قلات میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ژوب میں ایک، پنجگور میں پانچ ڈگری سینٹی گریڈ خضداراور سبی میں سات ، اورماڑہ میں 13، لسبیلہ میں 14ڈگری سینٹی گریڈ تربت میں 15 اور گوادر میں 18ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ہے۔اس کے علاوہ چمن، کوژک ٹاپ، شیلا باغ، قلعہ عبداللّٰہ ، ہرنائی، شاہرگ میں موسلادھار بارش کے سبب ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔