اورسیز پاکستانی صحافیوں کے مثبت کردار کو مجھ سے زیادہ کوئ نہیں جانتا ،گورنر پنجاب

آئ اے پی جے میں شامل نوے فیصد صحافیوں کو میں جانتا ہوں،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

Mehwish Zaffar مہوش ظفر جمعہ 21 جنوری 2022 14:22

اورسیز پاکستانی صحافیوں کے مثبت کردار کو مجھ سے زیادہ کوئ نہیں جانتا ..
جرمنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 جنوری 2022ء) انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی جانب سے نئے سال کی آمد پر پہلی آن لائن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے گورنر  چوہدری محمد سرور کو مدعو کیا گیا تھا۔
چوہدری محمد سرور نے بیرون ممالک مقیم صحافیوں کی تنظیم انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کو سراہتے ہوئے کہا  کہ یہ ایک اہم پلیٹ فارم ہے جہاں پر دنیا بھر میں مقیم  پاکستانی  صحافی جمع ہیں اور صحافتی امور کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ نمایاں کرنے میں اپنا اہم کردار ادا رہے ہیں ۔


آن لائن کانفرنس میں دنیا کے تیس ممالک میں مقیم پاکستانی صحافیوں نے شرکت کی ۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور کا مزید کہنا تھا کہ وہ اوورسیز پاکستانی صحافیوں کے کردار سے باخوبی واقف ہیں انہوں نے ہمیشہ دیار غیر میں رہتے ہوئے جہاں اپنی کیمونٹی کی سرگرمیوں کو نمایاں کرکے ان کی خدمت کی ہے وہیں پاکستان کی سفارتکاری کے فروغ اور مختلف ایشوز پر پاکستان کے موقف کو بھی بہتر انداز میں دنیا تک پہنچایا ہے، جس کو وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)


گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے ارکان کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کیے جائیں گے گورنر ہاوس پنجاب کے دروازے جہاں اوورسیز پاکستانیوں کے لئے کھلے ہیں وہیں دنیا بھر میں مقیم پاکستانی صحافیوں کو بھی گورنر ہاوس میں خوش آمدید کہا جائے گا ۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو صحافی کو درپیش مسائل کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی اور ہر سال تعریفی ایوارڈ کے لئے صحافیوں کو نامزد کرے گی اس کے علاوہ دیگر امور بھی شامل رہیں گے۔ آن لائن کانفرنس سے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے چیرمین وسیم چوہدری، صدر شاہد چوہان، سنئیر نائب صدر خرم شہزاد، جنرل سیکرٹری مہوش خان سمیت دیگر نے جہاں تنظیم کےاغراض و مقاصد کو بیان کیا وہیں بتایا کہ IAPJ پوری دنیا میں مقیم پاکستانی صحافیوں کی سب سے بڑی اور اہم تنظیمی ڈھانچے کے طور پر کام کر رہی ہے، جس میں ورکنگ جرنلسٹس اپنے صحافتی امور کو باخوبی احسن طریقے سے  انجام دے رہے  ہیں، ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ دنیا بھر سے پاکستان کے تعلقات میں ایک پل کا کردار ادا کریں تنظیمی ڈھانچے میں یہ کردار مزید موثر اور فعال ہوا ہے اور دیار غیر میں مقیم صحافی پہلے سے زیادہ متحرک ہوئے ہیں اس کے علاوہ IAPJ کا مقصد صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کوشش کرنا ہے اور جس طرح گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مسائل کے حل کے علاوہ حکومتی سطح پر صحافیوں کے کردار کو سراہے جانے کی یقین دہانی کروائی ہے اس سے یقینی طور پر بہتری آئے گی اور صحافی برادری مزید بہتر انداز میں کام کر سکے گی آن لائن کانفرنس میں تلاوت و نعت شریف کی سعادت فنانس سیکرٹری وسیم بٹ نے حاصل کی جبکہ نامور صحافی عرفان صدیقی، حافظ عمران سمیت دیگر صحافیوں کی جانب سے کیے گئے سوالات کا گورنر پنجاب نے جوابات دئیے اور مختلف مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کروائی۔