سندھ ہائی کورٹ کا شہری کامران سمیت دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق تحقیقات تیز کرنے کا حکم

جمعہ 21 جنوری 2022 15:09

سندھ ہائی کورٹ کا شہری کامران سمیت دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواستوں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) سندھ ہائی کورٹ نے شہری کامران سمیت دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق تحقیقات تیز کرنے کا حکم دے دیاہے۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں بینچ نے شہری کامران سمیت دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ کامران گینگ وار عزیر بلوچ سکندر عرف سیکو گروپ کا کارندہ تھا۔ کامران مختلف سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث رہا ہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے عزیر بلوچ کی گرفتاری ظاہر کردی گئی تو اس کی کیوں ظاہر نہیں کی جارہی عدالت نے تفتیشی افسر سے مکالمہ میں کہا کہ غریب لوگ ہیں، کچھ خیال کریں۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے کہا کہ کامران کسی کی حراست میں نہیں ہے۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے تو پھر تلاش کریں آپکا کام ہے لاپتا افراد کو تلاش کرنا۔لاپتا بلال خان کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات کیے گئی تفتیشی افسر نے کہا کہ مختلف اداروں کو خطوط لکھے ہیں بیشتر نے جواب نہیں دیا۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے یہ کونسا طریقہ ہے تفتیش کرنے کا جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے خط لکھنے سے تفتیشی پوری ہوگئی لگتا ہے خط بھی خود نہیں لکھے ہوں گے۔

احساس پیدا کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ عدالت نے لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق تحقیقات تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ضلعی سطح پر ٹاسک فورس تشکیل دینے اور قابل اور باصلاحیت افسران کو شامل کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے 16 فروری کو پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے حراستی مراکز کی سپریم کورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں بھی جمع کرانے کا بھی حکم دیدیا۔