قومی اسمبلی اجلاس میں احسن اقبال اور حماد اظہر میں گرما گرمی

لیگی رہنماء نے مناظرے کا چیلنج دیا تو وفاقی وزیر نے ایوان میں ہی سکور برابر کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 21 جنوری 2022 17:05

قومی اسمبلی اجلاس میں احسن اقبال اور حماد اظہر میں گرما گرمی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری 2022ء ) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر میں گرما گرمی ہوگئی ‘ لیگی رہنماء نے مناظرے کا چیلنج دیا تو وفاقی وزیر نے ایوان میں ہی اسکور برابر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں احسن اقبال اور حماد اظہر نے ایک دوسرے پر لفطی گولہ باری کردی ، جہاں پہلے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء نے وفاقی وزیر برائے توانائی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ہر ناکام وزیر کا لیکچر نہ سنایا جائے ، جو گیس نہیں دے سکا وہ اب اقتصادیات پر تقریر کرتا ہے ، موجودہ حکومت نے معیشت برباد کر دی ، اس حوالے سے ٹی وی پر مناظرہ کر لیں ۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حماد اظہر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ٹی وی چیلنج کیا گیا ہے ، اس پر کیا آپ جواب دیں گے؟ اسپیکر سے اس سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ میں ٹی وی کیا اس ایوان میں ہی ان کو ان کے چیلنج کا جواب دوں گا ، ان کے پاس معیشت کے حوالے سے کرنے کے لئے کوئی بات نہیں تھی ، اسی وجہ سے ہمیں ساتویں جماعت کے مطالعے پاکستان کا لیکچر دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں قومی اسمبلی اجلاس کے دوران کراچی میں گیس کی قلت پر ایم کیو ایم اراکین کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا کہ مقامی گیس کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں ، سب سے زیادہ تیزی سے سندھ میں گیس کم ہورہی ہے اور سندھ چند سالوں میں گیس برآمد سے گیس درآمد کرنے والا صوبہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس انڈسٹری سے کراچی کو موسم سرما میں دی جاتی تھی ، انڈسٹری کی طرف سے گیس کاٹنے پر حکم امتناع لے لیا گیا ، حکمِ امتناع ختم ہو جائے تو کراچی میں گیس سپلائی بہتر ہو جائے گی ، اس لیے سندھ ہائی کورٹ سے درخواست ہے حکمِ امتناع ختم کرے۔