جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری

صدرِ مملکت نے منظوری دے دی، جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ آف پاکستان کی پہلی خاتون جج ہوں گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 21 جنوری 2022 17:13

جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری 2022ء ) جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عائشہ ملک کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ وزات قانون نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ آف پاکستان کی پہلی خاتون جج ہوں گی۔اس سے قبل پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی منظوری دی،جوڈیشل کمیشن نے جسٹس عائشہ ملک کو جج مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔

بدھ کو چیئرمین کمیٹی فاروق نائیک نے کہا کہ عائشہ ملک کے نام کی منظوری اتفاق رائے سے دی گئی، ہم سینیارٹی کے طریقہ کار کو ختم نہیں کررہے۔ فاروق نائیک نے کہا کہ ایک خاتون کی پہلی بار تقرری ہورہی ہے تو اس کی منظوری دی ہے، جسٹس عائشہ ملک کے نام کی منظوری ملکی مفاد میں دی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں جسٹس عائشہ ملک کی پہلی خاتون جج کے طور پر تعیناتی پاکستان میں خواتین کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔

جمعہ کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے جسٹس عائشہ ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جسٹس عائشہ ملک کا لاہور ہائی کورٹ کی جج کے طور پر ایک مثالی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین ججوں کو سپریم کورٹ میں ترقی دینے کے لئے یہ پہلا ایک نمایاں قدم ہے اور کچھ نمایاں خواتین ججز بھی ہیں۔جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جسٹس عائشہ ملک کا اعلی ترین عدالت میں جج تعینات ہونے پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کا سپریم کورٹ کا جج تعینات ہونا خوش آئند ہے۔

اپنے بیان میں انہوںن یکہاکہ جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں بطور جج تعیناتی سے دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ مزید اجاگر ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ جسٹس عائشہ ملک کی ملک کی سب سے بڑی عدالت میں تعیناتی نے مستقبل میں خواتین کے لئے ترقی کے دروازے کھول دئیے ہیں، جسٹس عائشہ ملک کی تعیناتی پاکستان میں خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی منزل کی جانب ایک اور قدم ہے۔