Live Updates

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی چلغوزوں کی درآمد پر45 فیصد ڈیوٹی ختم کرنےکی منظوری

چلغوزے پر ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری افغانستان کیلئے دی گئی، نئی مردم شماری کیلئے5 ارب اور ایف بی آر کیلئے4 ارب روپے کے فنڈز بھی منظور کیے گئے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 جنوری 2022 17:18

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی چلغوزوں کی درآمد پر45 فیصد ڈیوٹی ختم کرنےکی منظوری
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری 2022ء) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چلغوزوں کی درآمد پر 45 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری دے دی، چلغوزے پر ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری افغانستان کیلئے دی گئی ہے، نئی مردم شماری کیلئے 5 ارب اور ایف بی آر کیلئے4 ارب روپے کے فنڈز بھی منظور کیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مردم شماری، کھاد کی قیمت، مختلف معاملات پر غور کیا گیا اور منظوری دی گئی۔ اعلامیہ اجلاس کے تحت نئی مردم وگھر شماری کیلئے 5 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔ داسوہائیڈرو کے چینی متاثرین کیلئے ایک کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔ ایف بی آر کیلئے 4 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایف سی بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے 6 کروڑ کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ربیع سیزن کیلئے یوریا کھاد کا مارچ تک 839 روپے ریٹ برقرار رکھا جائے گا۔ اسی طرح افغانستان سے چلغوزے کی درآمد پر 45 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ تین برس میں5.37 فیصد کی جی ڈی پی گروتھ، جس کے باعث روزگار اور اس کے ساتھ فی کس آمدن میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔

اس پر میں اپنی حکومت کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے حوالے سے ہماری کامیابی کو عالمی پذیرائی میسر ہے۔ بلوم برگ خبر دے رہا ہےکہ پاکستان ترقی کی تیز رفتار اور اس کے ساتھ روزگار کی بلند سطح برقرار رکھے گا۔اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر عوام سے براہ راست رابطے کا فیصلہ کرلیا ہے، معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا  کہ وزیر اعظم عمران خان 23 جنوری بروز اتوار تقریباً دن کے 3 بجے ’آپ کا وزیراعظم‘ پروگرام میں عوام کی براہ راست فون کالز موصول کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات