سیٹلائٹ ٹائون میں فائرنگ کرنیوالے ملزمان کی عدم گرفتاری باعث تشویش ہے، محمود خان اچکزئی

جمعہ 21 جنوری 2022 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2022ء) سیٹلائٹ ٹائون میں فائرنگ کرنے والے ملزمان کی عدم گرفتاری باعث تشویش ہے پولیس حکام نامزد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کریں ۔ان خیالات کااظہار اچکزئی اور کاکڑ قبائل کے معتبرین حاجی محمود خان اچکزئی، حاجی مولوی محمد رمضان درویش،حاجی عبدالخالق اچکزئی، حاجی عبدالہادی اچکزئی، حاجی گل محمد اچکزئی اور ملک حاجی عبید اللہ کاکڑ و دیگر نے گزشتہ روز کوئٹہ میں منعقدہ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گزشتہ روز ایک مشترکہ جرگہ سیٹلائٹ ٹائون میں منعقد ہوا جس میں شریک معتبرین کی جانب سے شدید تشویش کااظہار کیاگیاکہ گزشتہ ہفتے کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون میں جلیل نامی شخص نے اپنے گن مینوں کے ہمراہ حاجی جیلانی اچکزئی کی رہائش گاہ پر جا کر نہ صرف گالم گلوچ کی بلکہ سرعام فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے اس سلسلے میں پولیس تھانہ سیٹلائٹ ٹائون میں ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے لیکن اس کے باوجود ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کھلے عام اسلحہ کے ساتھ گھومتے نظرآتے ہیں ایسے لوگ معاشرے اور امن کیلئے ناسور ہیں ،آئی جی پولیس بلوچستان معاشرے کو پرامن بنانے کیلئے ایسے لوگوں کی بیخ کنی کریں جو معاشرے کے امن وامان پرمنفی اثرات مرتب کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

معتبرین نے وزیراعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو ،صوبائی مشیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو ،آئی جی پولیس بلوچستان محمدطاہر رائے ،ڈی آئی جی کوئٹہ سیدفدا حسین شاہ سے اپیل کی کہ معاشرے کے امن میں خلل ڈالنے والوں افراد کو جلد سے جلد گرفتار کیاجائے بصورت دیگر ہم احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔