وفاقی پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات بیچنے والے دو منشیات ڈیلرز کو گرفتار کرلیا

ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں چرس،نشہ آور گولیاں اور دو پسٹلز معہ ایمونیشن برآمد

ہفتہ 22 جنوری 2022 00:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2022ء) وفاقی پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات بیچنے والے دو منشیات ڈیلرز کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں چرس،نشہ آور گولیاں اور دو پسٹلز معہ ایمونیشن برآمد کرلیا ،ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کا ضلع بھر میں منشیات جیسی لعنت کے خاتمہ کے لئے بڑا آپریشن جاری ہے ، تھانہ کوہسار پولیس نے ایک کارروائی کے دوران دو منشیات فروشوں محمد عمر اور عبداللہ خان کو گرفتار کرلیا ہے،ملزمان کے قبضے سے 2620گرام چرس، 50نشہ آور ایکسٹیسی گولیاں،06 گرام کوکین اور دو پسٹلز معہ ایمونیشن برآمد کرلیا ہے ، ملزمان مختلف تعلیمی اداروں میں معصوم طالب علموں کو ٹارگٹ کرتے تھے اور ان میں منشیات بیچتے تھے، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے ، آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس شہر سے اس ناسور کے خاتمے کے لئے روزانہ کی بنیادوں پر ٹارگٹڈ آپریشن کر رہی ہے ، شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ اس فریضہ میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنے علاقوں میں ایسی کسی بھی سرگرمی کے متعلق اطلاع کریں تاکہ ہم سب مل کر معاشرے کو اس گھناونے کاروبار سے پاک کر سکیں اور اپنی نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنا سکیں۔