Live Updates

ویکسی نیشن کی مد میں کسی کو مسجد میں جانے سے روکا جائے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،اسد عمر

مساجد میں نمازیوں کوگائیڈ لائنز دی جاسکتی ہیں کہ اگر ویکسی نیشن نہیں کرائی تو گھر میں نماز پڑھ لیں، لیکن کسی کوروکا نہیں جاسکتا، ہم نے پہلے بھی ایس اوپیز کے تحت مساجد کھلی رکھی تھیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور چیئرمین این سی اوسی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 جنوری 2022 21:07

ویکسی نیشن کی مد میں کسی کو مسجد میں جانے سے روکا جائے سوال ہی پیدا نہیں ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری 2022ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور چیئرمین این سی اوسی اسد عمر نے کہا ہےکہ مساجد میں جانے سے کسی کوروکا جائے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مساجد میں نمازیوں کوگائیڈ لائنز دی جاسکتی ہیں کہ اگر ویکسی نیشن نہیں کرائی تو گھر میں نماز پڑھ لیں، لیکن مساجد میں جانے سے کسی کوروکا نہیں جاسکتا،ہم نے پہلے بھی ایس اوپیز کے تحت مساجد کھلی رکھی تھیں۔

انہوں نے نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا پابندیوں کا فیصلہ کورونا کی موجودہ صورتحال دیکھ کرکیا، 12سال سے زائد عمر کے 51 فیصد لوگ مکمل ویکسینیٹ ہوچکے ہیں ، ہم یومیہ بنیادوں پر اومی کرون کیسز کا جائزہ لے رہے ہیں، ہسپتالوں میں بھی پوری تیاری کی ہوئی ہے، اگر مزید بندشیں لگانا پڑی تو لگائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال ’مساجد میں 6فٹ کا فاصلہ رکھا جائے گا،مکمل ویکسی نیشن والے افراد ہی مساجد میں جاسکتے ہیں“ کے جواب میں کہا کہ مساجد میں نمازیوں کیلئے زیادہ سے زیادہ گائیڈ لائنز دی جاسکتی ہیں کہ اگر ویکسی نیشن نہیں کرائی تو مساجد میں نہ جائیں گھر میں نماز پڑھ لیں، لیکن کسی کو روک نہیں سکتے،یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ مساجد میں جانے سے کسی کو روکا جائے، تاہم پہلے بھی ہم نے مساجد کیلئے ایس اوپیز بنائے تھے،رمضان شریف میں بھی ساری مساجد کھلی رہی تھیں، میں آج اجلاس میں نہیں تھا پتا نہیں کس تناظر میں بات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا متبادل کوئی نہیں، اگر کسی کو شک ہے تو زورآزمائی کرکے دیکھ لے، تحریک انصاف کا 98 فیصد ووٹ بینک عمران خان کا ہے، پی ٹی آئی میں قیادت کیلئے کوئی دھڑے بندی نہیں، پرویز خٹک وزیراعلیٰ بننے کے بعد بڑی شخصیت بن کرابھرے ہیں، شاہ محمود قریشی سینئر سیاستدان ہیں۔جب بجٹ یا کوئی اہم موقع آتا ہے تو کہا جاتا ہے اتحادی عمران خان کے ساتھ نہیں، عمران خان کے ساتھ عوام کھڑی ہے اس لیے اپوزیشن کچھ نہیں کر پا رہی ہے،جس دن اپوزیشن کو لگا کہ اب عمران خان کے ساتھ عوام کی سپورٹ نہیں ہے، اس دن تبدیلی بالکل ممکن ہوسکتی ہے، لیکن اب تو عوام عمران خان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں قیادت کیلئے رسہ کشی چل رہی ہے، لیکن مجھے نہیں معلوم کہ مسلم لیگ ن کے چار لوگ ملے ہیں یانہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات