معروف اسٹیج اداکار نسیم وکی اور آغا ماجد پر قاتلانہ حملہ

اندھا دھند فائرنگ میں دونوں اداکار حملے میں بال بال بچ گئے، نامعلوم موٹرسائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 22 جنوری 2022 13:11

معروف اسٹیج اداکار نسیم وکی اور آغا ماجد پر قاتلانہ حملہ
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جنوری 2022ء ) ملک کے معروف اسٹیج اداکار نسیم وکی اور آغا ماجد قاتلانہ حملہ ہوا ہے،دونوں اداکار حملے میں بال بال بچ گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے راجباہ روڈ پر نامعلوم حملہ آور نے نسیم وکی اور آغا ماجد کی گاڑی پر فائرنگ کی،ملزمان کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا۔

(جاری ہے)

خوش قسمتی سے دونوں فنکار فائرنگ سے محفوظ رہے۔حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔نامعلوم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب نسیم وکی اور آغا ماجد اسٹیج ڈرامے کے بعد لاہور جا رہے تھے، واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سی پی او نے نسیم وکی سے ملاقات بھی کی۔سی پی او نے اداکاروں کو یقین دلایا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔