Live Updates

چوہدری فواد حسین نے دبئی ایکسپو 2020ء میں پاکستانی فلموں کی نمائش کا افتتاح کر دیا

ڈرامہ، فلم، ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے اپنی کہانی دنیا تک پہنچائی جا سکتی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

ہفتہ 22 جنوری 2022 13:47

چوہدری فواد حسین نے دبئی ایکسپو 2020ء میں پاکستانی فلموں کی نمائش کا ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے دبئی ایکسپو 2020ء میں پاکستانی فلموں کی نمائش کا افتتاح کر دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ ڈرامہ، فلم، ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے اپنی کہانی دنیا تک پہنچائی جا سکتی ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ 1960ء کی دہائی میں پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا فلم میکرملک تھا، پاکستان دنیا کا دوسرا ملک تھا جہاں بڑے سینما گھرتھے۔

انہوںنے کہاکہ 1970ء کی دہائی کے بعد پاکستان میں فلم انڈسٹری اور سینما گھروں پر توجہ نہیں دی گئی، مناسب توجہ نہ ملنے کے باعث فلم انڈسٹری زوال کا شکارہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت نے سینما گھروں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں رعایت سمیت ان پر عائد ٹیکسوں میں بھی کمی کی،اس وقت سینما گھروں کو سستی بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے بھی اقدامات اٹھائے، فلم انڈسٹری پر تمام ٹیکسز ختم کر دیئے ہیں، مقامی مواد کی حوصلہ افزائی کے لئے غیر ملکی مواد پر ٹیکسز عائد کئے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ غیر ملکی ڈراموں پر ٹیکس اس لئے لگائے تاکہ ہمارے اپنے لوگ ڈراموں اور اشتہارات میں کام کر سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان میں خوبصورت سیاحتی مقامات موجود ہیں جہاں فلم سازی کیلئے این او سی کے طریقہ کار کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے، دوبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین ہیرے کی مانند ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ یہاں پیش کی جانے والی پاکستانی فلمیں عالمی ناظرین کے لئے ہیں، واضح رہے کہ ایکسپو 2020ء میں پاکستان اپنی بلاک بسٹر فلموں کی سکریننگ سے اپنے سینما کو فروغ دے رہا ہے۔26 فروری تک ہر جمعہ اور ہفتہ کو مجموعی طور پر 11 پاکستانی فلمیں پاکستان پویلین میں پیش کی جائیں گی،افتتاحی تقریب کے پہلے روز طیفا ان ٹربل کی سکریننگ کی گئی،وفاقی وزیراطلاعات نے فیتہ کاٹ کر پاکستان پویلین میں فلموں کی نمائش کا آغاز کیا،فلم سکریننگ کیلئے اداکارعلی ظفر اور اداکارہ حریم بھی موجود تھیں،افتتاحی تقریب میں یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات