سندھ ہائیکورٹ ، لاپتہ شہری کی بازیابی کے لیے ایف آئی اے سے مدد لینے کا حکم ،آئندہ سماعت پر پولیس و دیگر اداروں سے پیش رفت رپورٹ طلب

ہفتہ 22 جنوری 2022 15:26

سندھ ہائیکورٹ ، لاپتہ شہری کی بازیابی کے لیے ایف آئی اے سے مدد لینے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر پولیس کو لاپتہ شہری سلطان کی بازیابی کے لیے ایف آئی اے سے بھی مدد لینے کا حکم دیتے ہوئے پولیس و دیگر اداروں سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ہفتہ کوسندھ ہائی کورٹ میں جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں بینچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیسز کی سماعت کی۔

عدالت نے پولیس حکام سے مکالمہ میں کہا کہ شہری سلطان کی بازیابی کا کیا ہوا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ واٹس ایپ کی جانے والی کال ٹریس نہیں کی جا سکتی۔ سربراہ جے آئی ٹی نے بتایا کہ پولیس کے پاس ایسی ٹریس ٹیکنالوجی موجود نہیں جس سے واٹس ایپ نمبر ٹریس ہوسکے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ لاپتا شہری سلطان سے متعلق مسقط سے وٹس ایپ پر کال کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ واٹس ایپ کال کسی نہ کسی فون نمبر سے کی جاتی ہوگی تفتیشی افسر نے کہا کہ مسقط کا فون نمبر صرف واٹس اپ پر موجود ہے سم بند ہے۔ واٹس اپ نمبر بند ہے، تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو لکھا ہے۔ عدالت نے پولیس کو لاپتہ شہری سلطان کی بازیابی کے لیے ایف آئی اے سے بھی مدد لینے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے پولیس و دیگر اداروں سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی۔