بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے سپیشل امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈسال2021 کے نتائج کا اعلان کر دیا

ہفتہ 22 جنوری 2022 16:25

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے سپیشل امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈسال2021 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کی سادہ و پروقار تقریب چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علو ی 'ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر بابر ڈوگر' پی آر او تیمور سہیل خان لودھی 'کنٹرولر انٹر برانچ چوہدری محمد یوسف ' اسسٹنٹ کنٹرولر سیکریسی محمد عارف سولگی ' ریسرچ انویسٹی گیٹر رانا ذوالفقار علی' آفتاب احمد اور ساجد حسین نقوی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10بجے دن چیئرپرسن بورڈ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین و کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی نے مشترکہ طور پر بٹن دبا کر رزلٹ کو آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر بھی اپ لوڈ ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی نے بتایا کہ سپیشل امتحان انٹرمیڈیٹ سال2021 میں کل12642طلبا وطالبات شریک ہوئے جن کیلئے جھنگ' ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد اضلاع میں کل54امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے گورنمنٹ آف پنجاب کی کوڈ19 پالیسی کے مطابق10060طلبا وطالبات پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب79.58فیصد رہا اس موقع پر چیئرپرسن بورڈ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین نے کہا کہ پی بی سی سی نے حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی پالیسی ترتیب دی تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم یا زیادتی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج کے نونہال کل کے معمار وطن ہیں یہی وجہ ہے کہ کوڈ 19 کی وجہ سے حکومتی ہدایات کے مطابق طلبا وطالبات کے وسیع تر مفاداور ان کے شاندار مستقبل کے پیش نظر نتائج انتہائی احتیاط 'محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ غلطیوں سے مبرا بنائے گئے ہیں تاکہ کسی بچے کی حق تلفی نہ ہو اور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے ۔پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین نے مزید کہا کہ طلبا وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی میسرہے ایسے بچے جنہیں اپنے مارکس کے متعلق بے یقینی ہو وہ رزلٹ آنے کے بعد15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی آنسر شیٹ خود چیک کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اگر کسی کومعلومات درکار ہوں تو وہ ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk یا کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی کے فون نمبر 0412517710 پر رابطہ کر سکتا ہے۔