Live Updates

رانا ثناء اللہ خاں نے شاہ محمود قریشی کے جنوبی پنجاب صوبے کے بارے میں خط کو سیاسی شعبدہ بازی قرار دیدیا

کلبھوشن ، عوام دشمن منی بجٹ، اپنے مافیاز کو این آر او دینے کیلئے نیب قانون میں ترمیم ایک گھنے میں منظور کرالیتے ہیں اور جنوبی پنجاب پر تین سال بعد خط کسے بے وقوف بنا رہے ہیں ، لیگی رہنما کا بیان

ہفتہ 22 جنوری 2022 17:48

رانا ثناء اللہ خاں نے شاہ محمود قریشی کے جنوبی پنجاب صوبے کے بارے میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خاں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے جنوبی پنجاب صوبے کے بارے میں خط کو سیاسی شعبدہ بازی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن ، عوام دشمن منی بجٹ، اپنے مافیاز کو این آر او دینے کیلئے نیب قانون میں ترمیم ایک گھنے میں منظور کرالیتے ہیں اور جنوبی پنجاب پر تین سال بعد خط کسے بے وقوف بنا رہے ہیں ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ صوبہ بہاولپور، جنوبی پنجاب یا ہزارہ صوبہ ہو، کورونا، کشمیر، قومی سلامتی یا فاٹف کا مسئلہ ہو، عمران خان کا حسد، بغض اور انا شہباز شریف کو خط نہیں لکھنے دیتے۔ انہوںنے کہاکہ کلبھوشن ، عوام دشمن منی بجٹ، اپنے مافیاز کو این آر او دینے کے لئے نیب قانون میں ترمیم ایک گھنے میں منظور کرالیتے ہیں اور جنوبی پنجاب پر تین سال بعد خط کسے بے وقوف بنا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ تین سال گزرنے کے بعد جنوبی پنجاب کے عوام کو یہ منجن بیچنے کی ضرورت نہیں ،صوبہ جنوبی پنجاب، بہاولپور اور ہزارہ صوبوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کا موقف واضح ہے۔ انہوںنے کہاکہ ترقی کرتے پنجاب کو تباہ کرکے اب بھی شعبدہ بازیاں جاری ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کو جو ترقی دی ہے، وہ نالائق حکومت کے منہ پر تھپڑ ہے، ساڑھے تین سال میں نالائق ٹولے نے پاکستان اور پنجاب کو صرف تنزلی دی ہے،الیکشن سٹنٹس اور سیاسی شعبدہ بازی سے صوبے نہیں بنتے ،صوبہ پنجاب اور بہاولپور پہ پہلے سے پیش کردہ دو بل سینٹ، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں موجود ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن صوبہ بہاولپور اور صوبہ پنجاب پہ اپنی حکومت میں پنجاب اسمبلی سے قرارداد منظور کروا چکی ہے ،اسمبلی میں گالیاں دیتے ہیں اور چیمبر میں چھپ کر خط لکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف نے جس طرح قبائیلیوں کو سیاسی، جمہوری، مالی اور انتظامی حقوق دیئے، اسے سنجیدہ رویہ کہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی نے شہباز شریف کو کوئی خط نہیں لکھا،تین سال میں نالائق ٹولہ جنوبی پنجاب پر ڈرامے کرتا رہا، سیکریٹریٹ اور سیکریٹری سیکریٹری کھیلتا رہا، اب سیاسی موت دیکھ کر صوبہ پنجاب اور صوبہ بہاولپور کا ورد شروع ہوگیا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات