ٍبارشیں و برفباری :وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

بارشوں اور برفباری سے بند سڑکوں کو بروقت کھولا،، مسافروں اور سیاحوں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم اور بے گھر افراد کو پناہ گاہوں میں منتقل کیا جائے ،محمود خان

ہفتہ 22 جنوری 2022 23:04

ٍبارشیں و برفباری :وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی متعلقہ اداروں کو ہائی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2022ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبہ بھر میں جاری بارشوں اور برفباری کے پیش نظر تمام اضلاع کی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر لحاظ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے حادثات پیش آنے کی صورت میں بروقت امدادی کارروائیاں عمل میں لاکر جانی و مالی نقصانات کو کم کیا جاسکے اور متاثرین کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

وزیر اعلی نے انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے بند سڑکوں کو بروقت کھولنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، مسافروں اور سیاحوں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کی جائے جبکہ بے گھر افراد کو پناہ گاہوں میں منتقل کرکے انہیں قیام و طعام کی تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

درایں اثناء وزیر اعلی نے شانگلہ کے علاقہ الپوری فیض آباد میں لینڈ سیلائیڈنگ کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا جبکہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں کہا ہے کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

وزیر اعلی نے شانگلہ کی ضلعی انتظامیہ کو لینڈ سیلائیڈنگ کے نتیجے میں ملبے تلے دبے باقی افراد کی بازیابی کے لئے ریسکیو کاروائیوں کو مزید تیز کرنے، اس مقصد کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور باقی ماندہ افراد کی بازیابی تک ریسکیو کاروائیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے ضلعی انتظامیہ کو مذکورہ واقعہ میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات کے معاوضوں کی ادائیگیوں کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سوات کو بھی سوات کے ہسپتال میں زیر علاج حادثے کے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔