Live Updates

وزیراعظم عمران خان اور وزیر خزانہ شوکت ترین کا ٹیلیفونک رابطہ، خیریت دریافت کی

عمران خان کی وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو 5.37 فیصد جی ڈی پی حاصل کرنے پر مبارکباد بلومبرگ اور اکانومسٹ جیسی بین الاقوامی معاشی تنظیموں نے پاکستان کی کامیاب معاشی اصلاحات اور اقدامات کو تسلیم کیا ہے،عمران خان

ہفتہ 22 جنوری 2022 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) وزیراعظم عمران خان اور وزیر خزانہ شوکت ترین نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں وزیراعظم نے وزیر خزانہ شوکت ترین کی خیریت دریافت کی ۔ہفتہ کو بات چیت کے دوران، وزیر اعظم نے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو تین سالوں میں 5.37 فیصد کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) حاصل کرنے پر مبارکباد دی، جس سے روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا ہوئے اور فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا۔

مزید برآں وزیر اعظم نے کہا کہ بلومبرگ اور دی اکانومسٹ جیسی بین الاقوامی معاشی تنظیموں نے پاکستان کی کووڈ کے دوران ملازمتوں اور زندگیوں کو بچانے کے لیے کی گئی کامیاب معاشی اصلاحات اور اقدامات کو تسلیم کیا ہے۔ وزیر اعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ متوسط اور معاشی طور پر کمزور ??طبقے کی معاشی بہتری کے لیے اقدامات شروع کریں جو درآمدی مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم اور وزیر خزانہ مسلسل جاری عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے پر تبادلہ خیال کرتے رہے ہیں جس نے پاکستان میں مہنگائی اور تجارتی خسارے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ مقامی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دسمبر سے کم ہو رہی ہیں جیسا کہ ایس پی آئی سے ظاہر ہوتا ہے۔ تاہم وہ پرامید ہیں کہ جیسے ہی بین الاقوامی سطح پر قیمتیں کم ہوں گی درآمدی اشیا پر دباؤ بھی کم ہو جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے مجموعی طور پر ٹیکس وصولی، برآمدات اور ترسیلات زر پر اطمینان کا اظہار کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات