ریکوڈک بلوچ قوم کی موت وزیست کا مسئلہ بن گیا ہے ،بلوچستان کے قومی وسائل کا سودا کسی صورت قبول نہیں،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

بلوچستان کے قومی وسائل کا سودا کسی صورت قبول نہیں، دل جل رہا ہے کہ ہمارے آنکھوں کے سامنے ہمارے وسائل کو لوٹا جارہا ہے، ہرممکن حد تک بلوچستان کے وسائل کادفاع کرینگے،مرکزی صدر نیشنل پارٹی

ہفتہ 22 جنوری 2022 22:50

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ ریکوڈک بلوچ قوم کی موت وزیست کا مسئلہ بن گیا ہے جیسے کالاباغ ڈیم سندھی قوم کی موت زیست بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے قومی وسائل کا سودا کسی صورت قبول نہیں، دل جل رہا ہے کہ ہمارے آنکھوں کے سامنے ہمارے وسائل کو لوٹا جارہا ہے، ہرممکن حد تک بلوچستان کے وسائل کادفاع کریں گے، ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز شام سنگانی سرمیں مرحوم قاضی غلام رسول بلوچ کی رہائش گاہ پر ریکوڈک بچاؤ تحریک کے سلسلے میں کارنر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ انتہائی افسوس ہے کہ جولوگ بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں مگر ریکوڈک کے حوالے سے وہ خاموش ہیں اوران کا کردارمشکوک ہے، اسمبلی کے ان کیمرہ بریفنگ کے فوری بعدانہیں پریس کانفرنس کرکے عوام کو حقائق سے باخبررکھنا چاہیے تھا مگر انہوں نے خاموشی میں عافیت جانی، انہوں نے کہاکہ کالا باغ ڈیم سندھی قوم کیلئے زندگی وموت کی علامت بن چکی ہے اگر غلطی سے بھی کسی رکن اسمبلی کی زبان سے کالاباغ ڈیم کالفظ نکل جائے تو تمام سندھی یک زبان ہوکر اسے یہ لفظ واپس لینے پر مجبورکردیتے ہیں اسی طرح ریکوڈک بھی بلوچ کے لئے موت وزیست کامسئلہ ہے، اگرریکوڈک ہاتھ سے نکل گیا تو بلوچ کوتباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا، جو لوگ آسمان سرپر اٹھائے ہوئے ہیں مگر بلوچستان کے مسئلہ پر وہ گونگے بنے ہیں نوجوان نوکریاں بیچنے والوں کی چرب زبانی اور ٹویٹر اورواٹس ایپ کی باتوں پر بھروسہ نہ کریں انہوں نے کہاکہ قوم پرستی کو ختم کرنے کیلئے مختلف نعرے آزمائے جارہے ہیں معاشرے سے سیاست ختم کی جارہی ہے سماج کو ڈی پولیٹکلائز کیاجارہاہے بلوچ کیلئے زندگی مشکل سے مشکل بنائی جارہی ہے، بارڈر اورساحل بلوچ سے چھینا جارہاہے، مافیاز اور دلال پیداکئے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ جس طرح 2018ئ کے عام انتخابات میں ٹھپہ ماری کرنے والے آج رسوا ہوگئے ہیں اورجوٹھپہ ماری کے زورپر آئے ہیں وہ آج عوام کو اپنا چہرہ دکھانے کے قابل نہیں رہے اسی طرح ریکوڈک کا سوداکرنے والوں کو بھی بے نقاب کیاجائے گا، ریکوڈک کے سوداگربھی سماج میں رسواء ہوں گے،انہوں نے مرحوم قاضی غلام رسول بلوچ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم قاضی غلام رسول بلوچ نے اپنی پوری زندگی بلوچ قوم کیلئے وقف کی تھی، زمانہ طالبعلمی میں جنرل ضیاء کے دورمیں کوڑے کی سزائیں کاٹیں وہ اپنی سیاسی زندگی میں کبھی بھی مصلحت پسندی کاشکارنہیں ہوئے۔