موٹر وے پر حادثے کا شکار گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات پکڑی گئی

پشاور ٹول پلازہ کے قریب حادثے کا گاڑی میں کوئی شخص موجود نہیں تھا ‘ گاڑی کی ڈگی سے 36 کلو گرام چرس اور 30 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔ ترجمان موٹر وے پولیس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 23 جنوری 2022 13:28

موٹر وے پر حادثے کا شکار گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات پکڑی گئی
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2022ء ) موٹر وے پر حادثے کا شکار گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات پکڑی گئی ۔ جیو نیوز کے مطابق موٹر وے پر حادثے کا شکار ہونے والی ایک گاڑی کی جب تلاشی لی گئی تو اس دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ، اس حوالے سے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ موٹر وے پر پشاور ٹول پلازہ سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر ایک گاڑی کے حادثے کی اطلاع پر موٹر وے پولیس امدادی کارروائی کے لیے موقع پر پہنچی تو گاڑی میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔

معلوم ہوا ہے کہ جب موٹر وے پولیس کی ٹیم نے گاڑی کی تلاشی لی تو گاڑی کی ڈگی سے 36 کلو گرام چرس اور 30 کلو گرام افیون برآمد ہوئی ، موٹر وے پولیس نے مزید قانونی کارروائی کے لیے گاڑی اور برآمد شدہ منشیات پولیس اسٹیشن اکبر پورہ کے حوالے کر دی جب کہ ملزمان کی تلاش بھی شروع کر دی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس کی بڑی کارروائی کے نتیجے میں 100 کلو چرس پکڑی گئی ، منشیات ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی‘ جس کو پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاع کے نتیجے میں پکڑا گیا ، جس کے لیے خیبر پولیس کی جانب سے تحصیل باڑہ کے علاقے شلوبر چوک میں کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے نتیجے میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی ، یہ منشیات ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی جس میں 100 کلوگرام چرس شامل ہے ، منشیات کو باڑہ پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاع کے نتیجے میں شلوبر چوک میں عمل میں کی گئی ایک کارروائی کے نتیجے میں پکڑا گیا۔

ادھر وفاقی دارالحکومت کے اسلام آباد انترنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر سے ہیروئن کی بھاری مقدار پکڑی گئی ‘ سعودی دارالحکومت ریاض جانے والے مسافرتازہ خان سے ایک کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی جو اس نے سوٹ کیس میں چھپا رکھی تھی ، جو کہ سعودی عرب منشیات اسمگلنگ کی کوشش اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) کی جانب سے اس وقت ناکام بنائی گئی جب اسلام آباد ایئرپورٹ پر اہم کارروائی کے دوران مسافر سے ہیروئن برآمد ہوئی ، سعودی دارالحکومت ریاض جانے والے مسافر نے سوٹ کیس میں ہیروئن چھپا رکھی تھی ، تلاشی کے دوران مسافرتازہ خان سے 1.020 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی جس کی وجہ سے ملزم کو فوری گرفتار کرلیا گیا۔