ایسٹونیا کو امریکی ساختہ ہتھیار یوکرائن کو فروخت کرنے کی اجازت

جرمنی نے ایسٹونیا کو روس سے تنازعہ والے ملک یوکرائن کو اسلحہ برآمد کرنے سے روک دیا

اتوار 23 جنوری 2022 14:15

واشنگٹن /برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) جرمنی نے مبینہ طور پر ایسٹونیا کو جرمنی میں بنائے گئے ہتھیار یوکرائن کو فروخت کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا،ادھرامریکا نے ایسٹونیا کو امریکی ساختہ ہتھیار یوکرائن کو فروخت کرنے کی اجازت دے دی۔ ایسٹونیا اور لیٹویا نے ممکنہ روسی حملے کی صورت میں یوکرائن کی مدد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جرمنی نے ایسٹونیا کو جرمن ساختہ ہتھیار یوکرائن کو فراہم کرنے سے روک دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق برلن حکومت نے اس ضمن میں اجازت نامہ جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔دوسری جانب امریکا نے ایسٹونیا کو امریکی ساختہ ہتھیار یوکرائن کو فروخت کرنے کی اجازت دے دی ۔یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب یورپ اور امریکا اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ روس یوکرائن پر حملہ کر سکتا ہے۔