ڈپٹی کمشنر سرگودھاکا ناقص کار کردگی پر ایکسین اور ایس ڈی او ہائی ویز کو سرگودھا چھوڑنے کا حکم

اتوار 23 جنوری 2022 15:00

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے ناقص کار کردگی پر ایکسین اور ایس ڈی او ہائی ویز کو سرگودھا چھوڑنے کا حکم دے دیا جبکہ ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے افسران کی جواب طلبی کر کے سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا۔زرائع کے مطابق صوبائی وزیر محنت و افرادی انصر مجید خان اور ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈپٹی ڈویلپمنٹ پیکیج و سالانہ ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں چک 47 شمالی کے پارک اور فلائی اوور کو سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے بنانے کے لئے مضبوط و دیرپا جدید ماڈلنگ و ڈیزائینگ استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیاری میٹریل کے استعمال پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کمزور پلاننگ اور ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں تاخیری حربے اختیار کرنے والے افسران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ضلع میں قطعی برداشت نہیں کیا جائے گااور ان کی سالانہ رپورٹ کو ان کیلئے سوالیہ نشان بنا دیا جائے گا تاکہ انھیں ان کے غیر ذمہ دارانہ رویوں کے باعث مستقبل میں کسی اہم عہدے پر تعیناتی نہ مل سکے۔اجلاس میں سٹی ڈویلپمنٹ پیکیج کی22 سکیموں پر اخراجات اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا جن پر مجموعی طور پر2 ارب 64 کروڑ 98 لاکھ روپے لاگت آئے گی ان سکیموں پر اب تک 21 کروڑ 61 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

اجلاس میں بتایاگیاکہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار گرلز49 ٹیل پر لاگت کا تخمینہ 16 کروڑ 50 لاکھ روپے لگایاگیاہے جس کے فنڈز کے اجرائ کیلئے اقدا مات کئے جارہے ہیں جبکہ چک نمبر 47شمالی کے پارک پر ایک کروڑ 86 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔اجلاس میں بتایاگیاکہ سرگودہامیں واسا کے قیام کیلئے محکمہ خزانہ کی منظوری کا انتظار ہے ۔ صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ واسا کے قیام کیلئے سال رواں کے مختص 4 کروڑ روپے کو ضائع ہونے سے ہر صورت بچایا جائیگا اور واسا کے قیام کو یقینی بنایاجائیگا۔

بتایا گیاکہ چیمہ کالونی میں واٹر سپلائی کی سکیم پر اب تک 78 لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں جبکہ اس سکیم کیلئے مزید 2 کروڑ روپے جلد جاری کئے جائیں گے۔اجلاس میں بتایاگیاکہ شہر کی واٹر سپلائی او رسینی ٹیشن کی سکیموںپر اب تک ایک کروڑ 91لاکھ روپے ‘ لوکل گورنمنٹ کی ایک سکیم پر ایک کروڑ 86 لاکھ روپے ‘میٹروپولیٹن کارپوریشن کی 2 سکیموں پر 8 کروڑ ‘ سڑکوں کی تعمیر ومرمت وتوسیع کی بارہ سکیموں پر چھ کروڑ 58 لاکھ روپے ‘اربن ڈویلپمنٹ کی تین سکیموں پر 23 لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے جاچکے ہیں ۔

صوبائی وزیر انصر مجید خان نے چک نمبر 47 کے پارک کو سرگودہا کے شہریوں کیلئے یادگار تحفہ قرار دیا جبکہ چک نمبر 47 پل پر تعمیر ہونے والے فلائی اوور کو سٹیٹ آف آرٹ بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے سڑکوں کی تعمیر میں آڑے آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے انتظامیہ کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ۔انہوں نے اسلام پورہ پل کو بھاری ٹریفک کیلئے مکمل طورپر بند کرنے اور ملحقہ شاہراہوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ ٹریفک کے مسائل حل کئے جاسکیں ۔

انہوں نے تحصیل سپورٹس کمپلیکس سرگودہا کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے عندیہ دیاکہ ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ کیلئے ہر پندرہ روز بعد اجلاس منعقد ہوگا تاکہ منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیاجاسکے ۔ اس موقع پرسالانہ ترقیاتی پروگرام کی جاری او رنئی سکیموںپر بھی کام کی رفتار کاجائزہ لیاگیا ۔

متعلقہ عنوان :