ریلوے ملازمین کیلئے پرائم ہاؤسنگ سوسائٹی کا افتتاح

ریلوے کے کم تنخواہ دار ملازمین کو نہایت آسان اقساط پر پلاٹ دئیے جائیں گے

اتوار 23 جنوری 2022 18:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے معدنیات عارف احمد زئی نے نستہ چارسدہ تولاندئی میں پرائم ہاؤسنگ سوسائٹی اور پارٹنر لیف آرگنائزیشن کے تعاون سے ریلوے ملازمین کیلئے قائم ہاؤسنگ سوسائٹی کا افتتاح کیا جسمیں ریلوے ایمپلائز یونین کے ساتھ رجسٹرڈ کم تنخواہ دار ملازمین کو آسان اقساط پر پلاٹ دئیے جائیں گے۔

پہلے مرحلے میں 5ہزار رجسٹرڈ ملازمین کو پلاٹ دئیے جائیں گے جبکہ اگلے مرحلے میں دوسرے ملازمین اور جنرل پبلک بھی اس سے مستفید ہونگے۔ یہ منصوبہ ریلوے ایمپلائزیونین اورپارٹنر لیف کے تعاون سے چارسدہ اور نوشہرہ اضلاع کے وسط میں قائم کیا گیا ہے جبکہ پارٹنرلیف منصوبے کی ڈیویلپمنٹ کے فرائض انجام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے معدنیات عارف احمد زئی نے کہا کہ کسی بھی ملازم کا یہ بڑا خواب ہوتاہے کہ اس کا اپنا گھر ہو اور خصوصاً کم آمدنی والے ملازمین کا، یہ منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے اس سے نہ صرف کم آمدنی والے ملازمین کو گھر ملیں گے بلکہ چارسدہ اور نوشہرہ اضلاع میں کاروبار کو بھی وسعت ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع بھی مزید بہتر ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں ریلوے ایمپلائز کی ایک منظم یونین ہے اور یہاں پر ہزاروں کی تعداد میں ملازمین کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام سے کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مردان، صوابی، پشاور اور دیگر اضلاع کیلئے ایک حب بنے گا جس سے رشکئی اکنامک زون اور دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس بھی مستفید ہونگے۔انہوں نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے منتظمین کو یہاں پر تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مذید ممبرز اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے صحت، تعلیم، بجلی، گیس اور کمرشل سرگرمیوں کیلئے مذید اقدامات کریں تاکہ مذکورہ ہاؤسنگ سکیم دوسرے اضلاع کیلئے مثال ہو۔

انہوں نے ریلوے ملازمین کے ممبرز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج نہ صرف ان کا اپنے گھر کا خواب پورا ہونے جارہا ہے بلکہ ان کو منظم اور اتفاق سے رہنے کا انعام بھی مل رہا ہے۔ عارف احمد زئی نے منتظمین اور ریلوے یونین کے عہدیداران کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ جب اس قسم کا منصوبہ کسی بھی ضلع میں شروع ہوتا ہے تو وہاں کے مقامی لوگوں کو بہت فائدہ ملتا ہے ان کے روزگار میں اضافہ اور بہتری آتی ہے ان کیلئے روزگار کے مواقع بڑھ جاتے ہیں اور پورے علاقے میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوتاہے اس لئے آپ لوگ ان سے مکمل تعاون کریں۔

انہوں نے لوکل انتظامیہ کا سوسائٹی کے ساتھ تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے آسانیاں پیدا کریں تاکہ یہ منصوبہ جلدازجلد مکمل ہو اور یہاں پر ہزاروں کی تعداد کے کم تنخواہ دار ملازمین اپنے گھر بناسکیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹنر لیف آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ایاز صافی نے کہا کہ ریلوے پریم یونین کا آئیڈیا بہترین تھا جس میں غریب ملازمین کو فائدہ تھا، ملازمین کی فلاح کے جذبے کے تحت پریم کے ساتھ شرکت داری بنیادوں پر اس منصوبے پر کام شروع کیا گیا انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ آج ان ملازمین کو پلاٹ بھی مل گئے ہیں اور ہمارا ارادہ ہے کہ ملازمین کی ڈیمانڈ کے مطابق اب ان کو مکمل تعمیر شدہ گھر بھی دیں گے اور پارٹنر لیف ادارے کی طرف سے نہایت آسان اقساط پر تعمیر شدہ گھر بھی ملیں گے اور اس سوسائٹی میں روزمرہ استعمال کی تمام تر سہولیات بھی میسر ہونگی۔

پارٹنر لیف کے صدر عبید علی خان نے اپنے ادارے کی طرف سے اس سوسائٹی میں دینی اور عصری علوم کے ادارے کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ تقریب سے ریلوے ایمپلائز یونین کے صدر اشتیاق احمد عاصی، ابو سعید جعفری، جنرل سیکرٹری خالد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ 4 سال پہلے اس منصوبے پر کام شروع کیا گیا تھا اور سوسائٹی کے قیام کیلئے پورے پاکستان سے ملازمین نے درخواستیں دی تھیں جن میں آج 5ہزار ملازمین کو پلاٹ مل گئے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری آئی پی سی حضرت علی، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن شیراز، ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ میڈم حلیمہ،ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ محمدزاہد، پارٹنر لیف کے عبید علی خان، ضلعی انتظامیہ چارسدہ اور ریلوے ایمپلائز یونین کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔