Live Updates

اقتدار سے نکالنے پر مزید خطرناک ہونےکی دھمکیاں گیدڑ بھبکیوں کے سوا کچھ نہیں، مریم نواز

نہ آپ نواز شریف ہیں جس کے پیچھےعوام کھڑی تھی نہ آپ بیچارے اور مظلوم ہیں، مریم نواز کا وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 23 جنوری 2022 19:07

اقتدار سے نکالنے پر مزید خطرناک ہونےکی دھمکیاں گیدڑ بھبکیوں کے سوا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 23 جنوری 2022) اقتدار سے نکالنے پر مزید خطرناک ہونےکی دھمکیاں گیدڑ بھبکیوں کے سوا کچھ نہیں، نہ آپ نواز شریف ہیں جس کے پیچھےعوام کھڑی تھی نہ آپ بیچارے اور مظلوم ہیں، مریم نواز کا وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان کی گفتگو کو گیدڑ بھبکی قرار دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی عوام سے فون کالز پر کی گئی گفتگو کے ردعمل میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کی دھمکیاں کہ اقتدار سے نکالا گیا تو مزید خطرناک ہوجاؤں گا، گیدڑ بھبکیوں کےسوا کچھ نہیں ہیں، نہ آپ نواز شریف ہیں جس کے پیچھےعوام کھڑی تھی نہ آپ بیچارے اور مظلوم ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ سازشی ہیں اور مکافاتِ عمل کا شکار ہوئے ہیں، اب رونے دھونے اور ڈرامہ کرنےکا کوئی فائدہ نہیں، سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں، جتنی دیر آپ اقتدار سے چپکے رہیں گے عوام کی مشکلات مزید بڑھنےکا باعث بنیں گے، آپ عبرت ناک شکست کھا چکے ہیں، جس دن آپ اقتدار سے نکلے عوام شکرانے کے نفل پڑھیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو حکومت میں چار سال ہوگئے لیکن وہ اب بھی رونا دھونا مچا رہے ہیں، جن کارٹلز کی شکایت کر رہے ہیں وہ ان کے دائیں بائیں ہیں، ان کارٹلز نے 220 ملین کی رقم لوٹی اور ان کا کچن چلا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شریف فیملی اور ن لیگ کےخلاف بنائےگئےکیسز جھوٹے اور من گھڑت ہیں، شریف فیملی اور ن لیگ کے خلاف کیسوں کا یہی حشر ہونا تھا جو ہوا، آپ کے پاس الزام کے لیے صرف کینہ اور انتقام ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے براہ راست عوام کی ٹیلی فون کالز سنیں اور مختلف سوالات کے جوابات دیے۔اس دوران وزیر اعظم نے معیشت اور ملکی سیاست پر بھی بات کی۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انتظار کررہاہوں آپ پاکستان آئيں، بڑی باتیں ہورہی ہیں کہ ڈيل ہوگئی، کہتے ہیں آج آجائے گا کل آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں تو دعا کرتا ہوں کہ لندن سے آج آجائیں لیکن وہ واپس نہیں آنے لگا، سارا ٹبّر باہر بھاگا ہوا ہے، کوئی پولوکھیل رہا ہے تو کوئی مہنگی گاڑیوں میں گھوم رہے رہا ہا، اتنا پیسہ تو برطانیہ کی رائل فیملی نہیں خرچ کرسکتی۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ تین بار وزیراعظم رہنے والا کہتا ہے کہ اس کے بیٹے پاکستان کے شہری نہیں۔اس دوران عمران خان نے اپوزیشن کو خبردار کیا کہ ہماری پارٹی حکومت کی یہ مدت اورآئندہ مدت بھی پوری کرے گی۔ان کا کہنا تھاکہ حکومت سے نکل گیا تو میں اس سے زیادہ خطرناک ہوں گا، میرے سڑکوں پر نکلنے سے اپوزیشن کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات