گندم افغانستان بھجوانیکا معاملہ: بھارتی حکومت کی معلومات کا انتظار ہے، پاکستان

پاکستان پہلے ہی انسانی امداد بھجوانیکی منظوری دے چکا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا بیان بھارت پاکستان کے راستے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی امداد افغانستان بھیجے گا، بھارتی میڈیا

اتوار 23 جنوری 2022 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) پاکستان نے بھارت کی جانب سے واہگہ بارڈر کے راستے افغانستان 50 ہزار ٹن گندم بھجوانے کے معاملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پہلی کھیپ سے متعلق گزشتہ 2 ہفتوں سے بھارتی حکومت کی طرف سے معلومات کا انتظار ہے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان پہلے ہی انسانی امداد بھجوانے کی منظوری دے چکا ہے اور بھارت کے ساتھ تمام تفصیلات شیئر کی ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ پہلی کھیپ سے متعلق گزشتہ 2 ہفتوں سے بھارتی حکومت کی طرف سے معلومات کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے راستے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی امداد افغانستان بھیجے گا۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ پاکستان سے دو ماہ کی بات چیت کے بعد افغانستان کو زمینی راستے سے بھارتی امداد بھیجنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 ہزار میٹرک ٹن بھارتی گندم اٹاری واہگہ بارڈر سے پاکستان بھیجی جائے گی جہاں سے گندم اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کی امداد کے ساتھ طورخم بارڈر سے افغانستان پہنچائی جائے گی۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گندم کی فراہمی فروری کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوگی۔