کورونا وائرس کے پھیلائو میں مزید تیزی آسکتی ہے، ماہرین طب

گردآلود ہوئواں سے نظام تنفس متاثراورگلا خراب ہوسکتا ہے، شہری خراب موسم میں زیادہ باہرنہ نکلیں خود کو ہوائوں سے محفوظ رکھیں،پروفیسر طارق رفیع

پیر 24 جنوری 2022 12:15

کورونا وائرس کے پھیلائو میں مزید تیزی آسکتی ہے، ماہرین طب
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2022ء) شہرقائدمیں سردی کی نئی لہر کے بعد تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں، ماہرین طب نے خبردار کیاہے کہ موسم مزید ٹھنڈا ہونے سے کوورنا وائرس کے پھیلائو میں مزید تیزی آسکتی ہے، فلو، نزلہ، زکام اور گلے کی خرابی کی علامات بھی کورونا اومیکرون کی علامات جیسی ہی ہیں۔اس ضمن میں سابق وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع اور ای این ٹی کے پروفیسر رزاق ڈوگر اور پروفیسر سعید خان نے بتایاکہ تیز گرد الود ہوائیں فلو اور نزلہ اور سانس کی بیماریاں پیدا کرسکتی ہیں اور ان کی بیماریوںکی علامات کورونا جیسی ہی ہوتی ہیں، عوام سرد موسم میں احتیاط کریں اور ویکسی نیشن مکمل کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری خراب موسم میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں گرد آلود ہوائوں سے نظام تنفس متاثر ہوتا اور گلے خراب ہوسکتے ہیں،گھر کے گرم مشروبات چائے، قہوا اور یخنی کا استعمال مفید ہے،گلے میں خراش ہونے کی صورت میں گرم پانی سے غرارے کریں.ماہرین طب نے کہاکہ کراچی میں سردی کی بارشوں کے بعد یخ بستہ گرد آلود ہوائوں سے موسم شدید سرد ہوگیا ہے ہے جس سے کورونا وائرس کے پھیلنے میں تیزی آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت سندھ کے مطابق شہر میں کورونا کے کیسز میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران 100 فیصد سے زائد اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔