Live Updates

سندھ میں ڈکٹیٹرشپ ہے، 27فروری کو سندھ میں بڑا احتجاج کیا جائے گا،حلیم عادل شیخ

کسانوں کو ٹریکٹر دینے کے نام پر کرپشن کی گئی تھی، ٹریکٹر کھانے والے کس حیثیت سے لوگوں میں جارہے ہیں ،میڈیا سے گفتگو

پیر 24 جنوری 2022 14:57

سندھ میں ڈکٹیٹرشپ ہے، 27فروری کو سندھ میں بڑا احتجاج کیا جائے گا،حلیم ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2022ء) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈاکوئوں کا راج قائم ہے،کسانوں کو ٹریکٹر دینے کے نام پر کرپشن کی گئی تھی، ٹریکٹر کھانے والے کس حیثیت سے لوگوں میں جارہے ہیں صرف سندھ میں کسان کارڈ نہیں ملتا، پورے ملک میں ملتا ہے۔ 27 فروری کو سندھ میں بڑا احتجاج کیا جائے گا، سندھ میں ڈکٹیٹرشپ ہے۔

پیرکوانسداددہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی جانب سے ہمیں طلب کیا گیا تھا۔ ہماری جانب سے تمام ثبوت جے آئی ٹی کے سامنے پیش کئے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ میرا بہت بڑا جرم ہے کہ مافیا کو، زرداری کے درباریوں کو بے نقاب کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

سندھ میں حالت زار کی نشاندہی کرنا اور ناظم جوکھیو کا پوسٹ مارٹم کروانا میرا جرم ہے۔

مہینے میں چار دن مجھے عدالتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہاں دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں۔ ان کے ایک وزیر نے میرے خلاف ہتک عزت کا دعوی کیا ہے، وہ وزیر خود منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتا ہے۔ ہمارا ہر کیس انہیں نظر آتا ہے اور اے ٹی اے بھی لگ جاتی ہے۔ ناظم جوکھیو کے کیس میں دہشتگردی کی دفعات لگاتے ہوئے سوچ رہے ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کراچی میں ڈاکوئوں کا راج قائم ہے۔

ایک دن میں 166 وارداتیں ہورہی ہیں۔ ہم قانون اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ پہلے آپ کے لوگ کیس کو خراب کرتے ہیں۔ عدالتیں فیصلہ کرنے کے لئیے ہیں اور یہاں پیشی پر لوگوں کو قتل کردیا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ کی عدالتوں میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ایس ایس یو کس کھیت کی مولی ہی کیا یہ صرف وی آئی پی لوگوں کو سیکیورٹی دینے کے لئیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کسان مارچ ٹریکٹر پر کیا جارہا ہے۔ کسانوں کو ٹریکٹر دینے کے نام پر کرپشن کی گئی تھی۔ ٹریکٹر کھانے والے کس حیثیت سے لوگوں میں جارہے ہیں صرف سندھ میں کسان کارڈ نہیں ملتا، پورے ملک میں ملتا ہے۔ 27 فروری کو سندھ میں بڑا احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ وہ ٹریکٹر ہیں، جو کرپشن سے حاصل کئے گئے ہیں۔ سندھ میں ڈکٹیٹرشپ ہے۔ عمران خان جیسا بڑا لیڈر پہلے ملا ہے اور نہ ہی ملے گا۔ یہ باری بھی پوری ہوگی اور آئندہ کی باری کی ہماری ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات