صنعت کا درجہ ملنے کے بعد تعمیرات کا شعبہ تیز ی سے ترقی کررہا ہے ،صدرفیصل آباد چیمبر

پیر 24 جنوری 2022 16:54

صنعت کا درجہ ملنے کے بعد تعمیرات کا شعبہ تیز ی سے ترقی کررہا ہے ،صدرفیصل ..
فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جنوری 2022ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرعاطف منیر شیخ نے کہا کہ صنعت کا درجہ ملنے کے بعد تعمیرات کا شعبہ تیز ی سے ترقی کررہا ہے جبکہ چیمبرکی جانب سے دوسرے ممبران کی طرح کنسٹرکشن سیکٹر سے وابستہ افراد کو بھی تمام ممکن سہولیات مہیا کی جارہی ہیں جس کے ساتھ ساتھ حکومت نے بھی کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تعمیرات کے شعبہ کے ذریعے چالیس مختلف شعبوں میں تیزی آرہی ہے جبکہ بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے مطابق سٹیٹ بینک نے بھی تعمیرات کو اپنی پالیسی کا حصہ بنایا تاکہ اس شعبے کو بھی زیادہ سے زیادہ سہولیات و مراعات دی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمبر بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے لوگوں کے مسائل پالیسی سازوں کے نوٹس میں آتے ہیں۔

انہوں نے تعمیرات کے شعبہ کی ترقی میں حائل بعض مسائل کا ذکر کیا اور بتایا کہ حکومت نے حال میں ہی کمرشل عمارتوں کے عقب میں 14کی بجائے سات فٹ کی جگہ چھوڑنے کی منظوری دی ہے اور یہ مستحسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈویلپر دراصل لوگوں کو رہائش مہیا کر کے حکومت کا بوجھ کم کر رہے ہیں اسلئے ان کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تعمیرات کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے لیکن اگر فیصل آبا دمیں دوسرے بڑے شہروں کی طرح سہولتیں مہیا نہ کی گئیں توخدانخواستہ یہاں کے لوگوں کے اچھے رہائشی منصوبوں سے محروم رہنے کا خدشہ ہوسکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :