سنیل شیٹی نے اپنے بچوں کی رواں برس شادی سے جڑی خبروں کو افواہ قرار دیا

حقائق کی کسی بھی طرح سے تصدیق کے بغیر اس طرح کی خبر کی اشاعت سمجھ سے بالاتر ہے، اداکار

پیر 24 جنوری 2022 20:15

سنیل شیٹی نے اپنے بچوں کی رواں برس شادی سے جڑی خبروں کو افواہ قرار دیا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2022ء) بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی نے اپنے بیٹے اور بیٹی کی 2022ء میں شادی سے متعلق خبر پر ردعمل دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سنیل شیٹی نے سوشل میڈیا پر ایک رپورٹ پر تنقید کی اور اپنے بچوں کی رواں برس شادی سے جڑی خبروں کو افواہ قرار دیا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اتھیا شیٹی اور آہان شیٹی کی 2022ء میں شادی سے متعلق بے بنیاد پر خبر پر سمجھ نہیں آتا کہ خوش ہوا جائے یا افسوس کیا جائی ۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا نے ایک خبر میں دعویٰ کیا ہے کہ آہان اور اتھیا شیٹی رواں برس اپنے ساتھیوں کے ساتھ شادی کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔اس خبر کے سامنے آنے پر قیاس کیا جانے لگا کہ اتھیا شیٹی اپنے بوائے فرینڈ کرکٹر کے ایل راہول جبکہ آہان شیٹی اپنی گرل فرینڈ تانیہ شراف سے شادی کے منتظر ہیں۔بالی ووڈاداکار نے رواں سال اپنے خاندان میں دوہری شادی سے متعلق ایک رپورٹ پر ٹوئٹ کے ذریعے ردعمل ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ اس بات پر افسوس کروں یا خوش ہوں حقائق کی کسی بھی طرح سے تصدیق کے بغیر اس طرح کی خبر کی اشاعت سمجھ سے بالاتر ہے۔سنیل شیٹی نے خبر کی تردید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسی طرح کی غیر ذمے دارانہ رپورٹ ہی صحافت کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں۔