Live Updates

پاکستان مارچ سے شروع ہونے والا احتجاج کا سلسلہ 27 فروری تک جاری رہے گا ،پیپلزپارٹی

کھاد ، گیس کے بحران ، پٹرولیم مصنوعات ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف 30 جنوری کوکراچی میں پریس کلب پر دھرنا ہو گا ،سعید غنی ،وقار مہدی

پیر 24 جنوری 2022 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وڈویژنل رہنمائوں نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل حکومت اور اس کے اتحادیوں کے خلاف کسان مارچ سے شروع ہونے والا احتجاج کا سلسلہ 27 فروری تک جاری رہے گا ، بلاول بھٹو کی قیادت میں 27 فروری کو اسلام آباد میں عوام دشمن حکومت کا چل چلائو ہوگا ، کھاد ، گیس کے بحران ، پٹرولیم مصنوعات ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف 30 جنوری کوکراچی میں پریس کلب پر دھرنا ہو گا ، پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سعید غنی اور وقار مہدی نے کہاکہ کسان مارچ عوام دشمن حکومت کے خلاف ایک ٹریلر اور وارمپ شو ہے ، اصل فلم 27 فروری کو چلے گی ، جو نااہل حکومت کے خاتمے کا باعث ہو گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت ملیر سلمان ٹاور سے نکلنے والے کسان مارچ کے اختتامی مقام شاہراہ قائدین پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری ، آصف خان ، ضلع ملیر کے صدر سلمان عبداللہ مراد ، اقبال ساند، مسرور احسن ، عروبہ راشد ، یوسف بلوچ ، خلیل ہوت ، لالہ رحیم ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ کسان مارچ میں پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ہاری کمیٹی ، پیپلز یوتھ اور دیگر مختلف ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں ، پارٹی ورکرز ، محنت کشوں ، اور جیالوں نے کسانوں اور ہاریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ میں شرکت کی ۔

وزیر اطلاعات و محنت سندھ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکومت کی کرپشن کی وجہ سے کھاد کا بحران پیدا ہوا ، کراچی میں کسانوں کا احتجاج حکومت کی زرعی پالیسی پر عدم اعتماد ہے ، کسان مارچ میں ہاری اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر ہیں ، سندھ کی اپوزیشن جماعتیں کراچی پر اجارہ داری چاہتی ہیں ، بلدیاتی قانون کے لیے مشترکہ احتجاج کرنے والی اپوزیشن جماعتوں نے کسانوں ، ہاریوں اور کراچی کے لوگوں کے لیے آواز تک بلند نہیں کی ، پیپلز پارٹی کا کسان مارچ مسترد شدہ اپوزیشن جماعتوں اور نااہل حکومت کے لیے انتقام ہے ، انہوں نے کہا کہ کھاد کی بلیک مارکیٹنگ اور یوریا کی قلت کے خلاف پیپلز پارٹی آج ملک بھر میں سڑکوں پر ہے ،27 فروری کو کراچی سے عوام کا جم غفیر اسلام آباد روانہ ہو گا ، کسان مارچ ایک ٹریلر ہے ، 30 جنوری کو کراچی پریس کلب پر گیس پٹرولیم مصنوعات اورمہنگائی کے خلاف احتجاج ہو گا ، 27 فروری کو کراچی سے بلاول بھٹو کی قیادت میں اسلام آباد روانہ ہوں گے ، پیپلز پارٹی کے دور میں کبھی کھاد کی بلیک مارکیٹنگ اور یوریا کا بحران پیدا نہیں ہوا ، موجود ہ حکومت نے محنت کش مزدور ، کسان ہاری ، ہر غریب اور مظلوم پریشان ہے ، موجودہ حکومت غریبوں کے لئے نحوست ثابت ہوئی ہے ۔

، عمران خان نے اقتدار میں بھی عوام کے لیے عذاب ہے اور اقتدار سے باہر بھی عذاب ثابت ہو گا ، عوام نے نااہل حکومت سے چھٹکارے کا عزم کر لیا ہے ، سعید غنی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا عذاب وزیرا عظم اور اس کی ٹیم کے مرہون منت ہے ، شاہ محمود قریشی پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دیتا ہے ، ساری دنیا کو نہ گھبرانے کا پیغام دینے والا عمران خود بلاول سے گھبرایا ہوا ہے ، پیپلز پارٹی کے جیالے بلاول بھٹو زرداری کے ایک اعلان پر حکومت کے خاتمے کے لیے تیار ہیں ، بلدیاتی قانون کے حوالے سے کراچی میں دھرنا پوائنٹ اسکورنگ ہے ، ایم کیو ایم ، پی ٹی آئی ، جی ڈی اے منی بجٹ کے خلاف خاموش ہیں ، کراچی کے لوگ گیس اور دیگر سہولتوں کے لئے سڑکوں پر ہیں ، اپوزیشن جماعتیں اقتدار کے لیے دھرنے دے رہی ہیں ، ایم کیو ایم جی ڈی اے ، پی ٹی آئی نے گیس بحران ، کھاد کی قلت اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال نہیں دی ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج نہیں دیا ، بلدیاتی قانون کی آڑ میں اپوزیشن جماعتیں تماشا لگا رہی ہیں ، کراچی کے عوام کی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کی بجائے وفاقی حکومت کی نااہلی چھپانے کے لئے تماشا لگایا جا رہا ہے ، موجودہ نااہل حکومت اور اس کے اتحادیوں کے خلاف احتجاج کا یہ سلسلہ 27 فروری تک جاری رہے گا ، 27 فروری کو اسلام آباد میں عوام دشمن حکومت کا چل چلاو ہو گا ، کسان ، ہاری ، محنت کش ، عوام دشمن حکومت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ۔

کسان مارچ سے وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی ، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کسانوں اور مظلوموں کی جنگ لڑ رہی ہے ، ذوالفقار علی بھٹو ، بے نظیر بھٹو نے زرعی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات کئے ، وزیر اعظم اقتدار سے ہٹائے جانے پر مزید خطرناک ثابت ہونے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ، کسان مارچ ایک ٹریلر ہے ،27 فروری کو عمران خان کو اصل فلم دکھائیں گے ، 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد ، گوادر سے لاہور تک عوام کا جم غفیر سڑکوں پر ہو گا ، سندھ کے ساحلی اضلاع میں کسانوں کی زمین سمندر برد ہو رہی ہے ، پیپلز پارٹی نے ہاریوں میں مفت زرعی زمین تقسیم کی ، موجودہ حکومت نے کسانوں سے پانی ، کھاد ، بیچ اور زمین بھی چھین لی ہے ، بلاول بھٹو کی قیادت میں کسانوں کے حقوق بحال کرا کر دم لیں گے ، کسان مارچ میں پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی ، صوبائی وزیر ساجد جوکھیو ، مرزا مقبول ، ذوالفقار قائمخانی ، امان اللہ محسود ، سردار خان ، ایم پی اے یوسف مرتضی بلوچ ، ایم پی اے ، سلیم بلوچ ، ایم پی اے شرمیلا فاروقی ، اسلم سمو ں ، علی احمد ، جاوید شیخ ، لیاقت آسکانی ، راشد خاصخیلی ، دل محمد ، کرم اللہ وقاصی ، میر عباس تالپور ، آغا رفیع اللہ ، خالد لطیف ، وقاص شوکت ، شکیل چوہدری ، شہزاد مجید ودیگر نے شرکت کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات