پاکستان کے ثقافتی اور روایتی برانڈز کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی شعبہ، صنعت اور مارکیٹ کے درمیان روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،صدر مملکت

پاکستان میں ایک بھرپور ثقافت اور تہذیب ہے جسے اگر مناسب طریقے سے فروغ دیا جائے تو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بڑی کشش کا باعث بن سکتی ہے،ڈاکٹرعارف علوی کا اجلاس سے خطاب

پیر 24 جنوری 2022 23:00

پاکستان کے ثقافتی اور روایتی برانڈز کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی شعبہ، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2022ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے ثقافتی اور روایتی برانڈز کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی شعبہ، صنعت اور مارکیٹ کے درمیان روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ پیر کو یہاں گورنر ہائوس کراچی میں پاکستانی برانڈز کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنی دستکاریوں کو ہر سطح پر فروغ دینے کے لیے ایک منظم انداز میں سوچنا اور مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک بھرپور ثقافت اور تہذیب ہے جسے اگر مناسب طریقے سے فروغ دیا جائے تو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بڑی کشش کا باعث بن سکتی ہے۔ مزید برآں، انہوں نے مقامی برانڈز کے لیے اندرونی مارکیٹوں کو مضبوط بنا کر پاکستانی برانڈز کو مقامی بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں پاکستان کے بڑے شہروں میں ایک مستند جامع ڈائریکٹری اور ڈسپلے سنٹرز بنا کر اپنے دستکاریوں کو دستاویزی شکل دینی چاہیے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ، برانڈز کے فروغ کے لیے کوالٹی مینجمنٹ اور ڈیزائن میں بہتری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسابقت اور مراعات کے ذریعے اپنے دستکاروں اور ڈیزائنرز کی مہارتوں کو فروغ دے کر ہم بین الاقوامی مارکیٹ میں مقام بنا سکتے ہیں۔ اجلاس میں بین الاقوامی گارمنٹس اور فیشن انڈسٹری میں پاکستان کی مصنوعات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور چیئرمین پی ایچ ایم اے، چیئرمین پی آر جی ایم ای اے، چیئرمین پاکستان اپیرل فورم، سی ای او ملٹی نیشنل ایکسپورٹ بیورو، آئی بی پی سی، پاکستان کاٹن فیشن اپیرل کے نمائندوں اور دیگر نے شرکت کی۔