Live Updates

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو لوئردیر کا دورہ کرنے سے روک دیا

بلدیاتی الیکشن شیڈول کے بعد وزیراعظم ترقیاتی پراجیکٹس کے اعلانات نہیں کرسکتے، وزیراعظم نے دورہ کیا تو انتخابی رولز233 اور234 کی خلاف ورزی ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی ڈپٹی کمشنر کو ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 24 جنوری 2022 20:21

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو لوئردیر کا دورہ کرنے سے روک دیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری 2022ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو لوئردیر کا دورہ کرنے سے روک دیا، بلدیاتی الیکشن شیڈول کے بعد وزیراعظم ترقیاتی پراجیکٹس کے اعلانات نہیں کرسکتے، وزیراعظم نے دورہ کیا تو انتخابی رولز233 اور234 کی خلاف ورزی ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو لوئردیر کا دورہ کرنے سے روک دیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے 24 جنوری کو وزیراعظم نے لوئردیر کا دورہ اور جلسے سے خطاب کرنا تھا۔

الیکشن کمیشن نے 27 جنوری کو پی ٹی آئی جلسہ کو روکنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مارچ میں خیبرپختونخواہ کیلئے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری ہوچکا ہے، جس کے تحت وزیراعظم حلقے کا دورہ نہیں کرسکتے، حلقے میں ترقیاتی پراجیکٹس کے اعلانات نہیں کرسکتے، وزیراعظم نے دورہ کیا تو انتخابی رولز233 اور234 کی خلاف ورزی ہوگی۔

(جاری ہے)

اسی طرح انتخابی شیڈول آنے کے بعد منتخب نمائندگان بھی متعلقہ علاقوں کا دورہ نہیں کر سکتے۔ یاد رہے الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات خیبرپختونخوا میں دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری کردیا ہے، اعلامیہ میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا میں  بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ27 مارچ کو ہوگی۔ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی 7 سے11 فروری تک جمع ہوسکیں گے۔

نامزد امیدواروں کی فہرست 12فروری کو جاری آویزاں کی جائے گی، 14 سے 16 فروری تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ 17 سے 19فروری تک کاغذات نامزدگی مسترد یا منظوری سے متعلق اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔ دائر اپیلوں کا فیصلہ 22 فروری تک ہوگا، کاغذات نامزدگی واپسی کی آخری تاریخ 25 فروری ہوگی جبکہ نامزد امیدواروں کی حتمی فہرست 25 فروری کو لگائی جائےگی، 27 مارچ کو پولنگ ہوگی اور کامیاب امیدواروں کے نتائج کا حتمی اعلان یکم اپریل کو کیا جائےگا۔ 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات