حالیہ بارشوں،کم درجہ حرارت اور ابرآلود موسم کے باعث گندم کی فصل پر کنگی کا حملہ ہو سکتا ہے،سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب

پیر 24 جنوری 2022 20:53

حالیہ بارشوں،کم درجہ حرارت اور ابرآلود موسم کے باعث گندم کی فصل پر ..
ملتان۔24جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔24 جنوری2022ء) :سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں،کم درجہ حرارت اور ابرآلود موسم کے باعث گندم کی فصل پر کنگی کا حملہ ہو سکتا ہے ،فیلڈ فارمیشنز کاشتکاروں کی رہنمائی اور فصل کی دیکھ بھال کیلئے زیادہ سے زیادہ فیلڈ کے دورے کریں۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں گندم کی فصل پر کنگی کے ممکنہ حملہ کی صورتحا ل کاجائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ گندم ہمارے ملک کی ایک اہم غذائی فصل ہے،  حالیہ بارشوں، کم درجہ حرارت اور ابرآلود موسم کے باعث کنگی کا حملہ ہو سکتا ہے  لہٰذا فیلڈ فارمیشنز کاشتکاروں کی رہنمائی اور فصل کی دیکھ بھال کیلئے زیادہ سے زیادہ فیلڈ کے دورے کریں اور کنگی سے متاثرہ اقسام کا نام، وقت کاشت، لوکیشن، زرعی مداخل کے استعمال اور گزشتہ سال کنگی کے حملہ سے متاثرہ اقسام کا مکمل دیٹا مرتب کریں۔

(جاری ہے)

کنگی کے حملہ کی صورت میں اس بیماری کی قسم، حملہ کی نوعیت، شدت، متاثرہ پودوں کی تعداد اورعلاقہ کا بھی مکمل ریکارڈ رکھا جائے۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ چند سالوں سے گندم کی کنگی دنیا میں بہت اہم بیماری کے طور پر سامنے آئی ہے کیونکہ یہ پھپھوندی گندم کی موجودہ اقسام کو دریافت کے فوراً بعد متاثر کردیتی ہے،  یہ بیماری فصل کی بوائی، شگوفے بننے، گوبھ کی حالت سمیت مختلف پیداوری مراحل پرحملہ آور ہوسکتی ہے،  کنگی کیخلاف زرعی زہروں کے استعمال کی وجہ سے گندم کی مختلف اقسام میں اس بیماری کیخلاف قوت مدافعت ختم ہوجاتی ہے،  گندم کی فصل پرکنگی کے ابتدائی حملہ کی صورت میں متاثرہ پودوں کو اکھاڑ کرجلا دیں یا پلاسٹک کے تھیلوں میں بند کرکے زمین میں مکمل طور پر دبا دیں، اگر حملہ زیادہ رقبہ پر ہو تو زرعی ماہرین کے مشورے سے صرف متاثرہ حصہ پر مناسب پھپھوند کش زہر کا سپرے کریں۔