Live Updates

ریاستی، انتظامی، جمہوری، پارلیمانی امور میں سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا داخل ہونا اداروں ،قومی سلامتی کیلئے تباہ کن ہے‘ لیاقت بلوچ

منگل 25 جنوری 2022 00:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2022ء) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسلم دنیا کے لیے جمہوریت، پارلیمنٹ طرزِ حکمرانی امریکہ و مغربی دنیا کی طرح مادر پدر آزاد نہیں قرآن و سنت کی بالادستی کی پابند ہے،اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لیے قراردادِ مقاصد، آئین کے رہنما اصول اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات مضبوط بنیادیں ہیں،ریاستی، انتظامی، جمہوری، پارلیمانی امور میں سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا داخل ہونا فوج، سول اداروں اور قومی سلامتی کے لیے سخت تباہ کن ہے۔

خوشاب، جوہر آباد میں عوامی اجتماعات، سابق ایم پی اے ڈاکٹر محمد رفیق کے تعزیتی ریفرنس، پریس کلب اور ڈسٹرکٹ بار کے عیدیداران کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب کیا اور منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام کا تجربہ ایوب خان، یحییٰ خان، ضیا الحق اور پرویز مشرف کے طاقتور، بااختیار صدر ہونا ملک و ملت کے لیے تباہ کن ثابت ہوئے۔

(جاری ہے)

موجودہ پارلیمنٹ پارلیمانی نظام کی جگہ صدارتی نظام نہیں لاسکتی۔ 1973ء کے دستور میں پارلیمانی نظام پر اتفاق ہوچکا۔ صدارتی نظام کی آڑ میں عمران خان سرکار ملک کو آئین سے ماورا اقدامات کے حوالہ کرنا چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی غیر آئینی، فسطائی اقدامات کی مزاحمت کرے گی۔ وفاقی، سندھ اور بلوچستان حکومتیں کراچی، گوادربلوچستان کے عوام کے مسائل حل کریں۔

لیاقت بلوچ نے سوات اور چترال سے سیاسی قائدین و کارکنان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا ووٹرز نے پی ٹی آئی حکومت پر عدمِ اعتماد کردیا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں جماعتِ اسلامی ترازو نشان پر بڑے ووٹ بنک کے ساتھ خیبر پختونخوا کی بڑی پارٹی بنے گی۔ کارکنان لادین، غیر ذمہ دار اور عوام دشمن نظام سے تنگ عوام سے قریبی رابطہ پیدا کریں۔

دھرنوں میں عوام کے جذبات کی ترجمانی کی جائے گی اور ملک بھر کے ووٹرز کو جمہوریت، پارلیمنٹ، قومی وسائل کی دشمن پارٹیوں کے کرتوتوں سے عوام کو آگاہ اور ووٹرز کو ووٹ کی طاقت سے اسلامی انقلاب برپا کرنے کے لیے تیار کریں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان کی جلسوں، سیمینارز کی تقریروں اور لائیو کالز پر گفتگو سے ظاہر ہورہا ہے کہ وزیراعظم کے پاؤں اکھڑچکے ہیں، حواس باختہ ہیں اور انہیں اپنے اِرد گرد بغاوت کے ماحول کا اندازہ ہوچکا ہے۔ عوامی احتجاج حکومت کا دھڑن تختہ کردے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات