انارکلی دھماکا، دہشتگرد کو لے جانے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار

رکشہ ڈرائیور کا دھماکے میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، دھماکے میں ملوث شخص ڈیوائس رکھنے کے بعد رکشے میں بیٹھا اور لاری اڈا گیا، لیکن لاری اڈے پر دہشتگرد کیمروں کی رینج میں نہیں آیا۔ تفتیشی ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 24 جنوری 2022 21:52

انارکلی دھماکا، دہشتگرد کو لے جانے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری 2022ء) انارکلی دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، سکیورٹی اداروں نے دہشتگرد کو لے جانے والا رکشہ ڈرائیورکو  حراست میں لے لیا، تاہم رکشہ ڈرائیور کا دھماکے میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، دھماکے میں ملوث شخص ڈیوائس رکھنے کے بعد رکشے میں بیٹھا اور لاری اڈا کے قریب اترا، لیکن لاری اڈے پر دہشتگرد کیمروں کی رینج میں نہیں آیا۔

اے آروائی کے مطابق لاہور میں انار کلی دھماکے کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور دھماکے کی تحقیقات کیلئے دہشتگرد کی لاری اڈا تک موومنٹ کیمروں سے ٹریک کی گئی، ایک شخص ڈیوائس رکھنے کے بعد رکشے میں بیٹھا، رکشہ ڈرائیور نے دہشتگرد کو لاری اڈا کے قریب اتارا، لاری اڈا اترنے کے بعد دہشتگرد کیمروں کی رینج میں نہیں آیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے دہشتگرد کو لے جانے والا رکشہ ڈرائیورکو  حراست میں لے لیا، تاہم رکشہ ڈرائیور کا دھماکے میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ مزید برآں21 جنوری کی رپورٹ کے مطابق انارکلی دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سانحہ انارکلی کے دونوں سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا ہے، جنہیں مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، تفتیشی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سانحہ انارکلی کے دونوں سہولت کاروں کو جمعہ کی صبح راوی روڈ سے حراست میں لیا گیا، جن سے تفتیش جاری ہے۔

دونوں سہولت کاروں کی گرفتاری جائے وقوعہ کے گردونواح کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی بیک ٹریک کرنے پر عمل میں آئی ہے۔ واضح رہے کہ لاہور میں انارکلی بازار دھماکے میں 3 افراد جاں بحق 32 افراد زخمی ہوئے تھے۔